صدر احمد شاہ سے ملاقات، ورلڈ کلچر فیسٹیول کراچی 2025 کے حوالے سے مشترکہ تعاون پر گفتگو
کراچی (سماج نیوز) بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ثاقب صداقت نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا دورہ کیا اور کونسل کے صدر محمد احمد شاہ سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر محمد ایوب شیخ نے بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو خوش آمدید کہتے ہوئے پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ثقافتی تعاون، فنونِ لطیفہ کے تبادلے، اور ورلڈ کلچر فیسٹیول – کراچی 2025 کے لیے مشترکہ اقدامات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
محمد ثاقب صداقت نے آرٹس کونسل کے جدید فنون اور ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور کونسل کے جدید ترین آرٹس تھیٹر، گیلریوں اور میوزک اسٹوڈیوز کا معائنہ بھی کیا۔
اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہا کہ "پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دینا خطے میں امن، دوستی اور تخلیقی اظہار کے نئے در وا کرے گا۔”
ڈپٹی ہائی کمشنر محمد ثاقب صداقت نے آرٹس کونسل کی سرگرمیوں کو “جنوبی ایشیا کے ثقافتی ورثے کا نمائندہ مرکز” قرار دیتے ہوئے مستقبل میں قریبی اشتراک کا یقین دلایا۔



