کراچی (سماج نیوز)
آج دنیا بھر میں بسنے والے سندھی اپنی شان دار تہذیب، رنگ و رچاؤ اور صدیوں پرانی روایتوں کا جشن مناتے ہوئے سندھی کلچرل ڈے منا رہے ہیں۔ ہر سال دسمبر کی پہلی اتوار کو منایا جانے والا یہ دن سندھ کی تاریخی شناخت، محبت، رواداری اور امن کے پیغام کو اجاگر کرتا ہے۔
سندھ بھر کے شہروں، قصبوں اور دیہاتوں میں ثقافتی میلوں، مشاعروں، موسیقی محفلوں اور روایتی رقص کی رنگا رنگ تقریبات جاری ہیں۔ نوجوان مرد و خواتین روایتی اجرک اور ٹوپی زیب تن کیے سڑکوں، تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات پر اپنی ثقافت سے محبت کا اظہار کر رہے ہیں۔
دنیا کے مختلف ممالک میں مقیم سندھی کمیونٹیز بھی تقاریب، ثقافتی نمائشوں اور تہذیبی پروگراموں کے ذریعے اس دن کو پوری گرمجوشی سے منا رہی ہیں۔ سوشل میڈیا پر بھی اجرک اور سندھی ٹوپی کی تصاویر کے ساتھ خصوصی پیغامات کا سلسلہ زوروں پر ہے۔
سندھی کلچرل ڈے نہ صرف تہذیبی ورثے کا جشن ہے بلکہ یہ دنیا کو یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ سندھ کی سرزمین محبت، امن، دوستی اور برداشت کی علامت ہے۔ اس دن کے ذریعے نئی نسل کو اپنی ثقافت سے جوڑنے اور عالمی سطح پر سندھی شناخت کو مزید اجاگر کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔
سماج میڈیا گروپ کی جانب سے دنیا بھر میں بسنے والی سندھی قوم کو سندھی کلچرل ڈے کی بھرپور مبارک باد۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا یوم ثقافتِ سندھ کے موقع پر سندھ کے عوام سمیت پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد

کراچی / اسلام آباد / لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم ثقافتِ سندھ کے موقع پر سندھ کے عوام سمیت پوری پاکستانی قوم کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ سندھی ثقافت پاکستان کی متنوع ثقافتی گلدستے میں ایک روشن و خوش رنگ پھول ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ثقافت دنیا کی قدیم ترین اور مضبوط تہذیبوں میں سے ایک کی وارث ہے، جس کی دانائی، سخاوت اور انسان دوستی نسل در نسل دلوں کو روشن کرتی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی اجرک، ٹوپی، شاعری اور موسیقی صرف علامتیں نہیں بلکہ اُس انڈس سویلائیزیشن کی زندہ دھڑکن ہیں جو ہزاروں برسوں سے انسانیت کو محبت، ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے اصول سکھاتی آئی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے ہر وفاقی اکائی کی ثقافتی شناخت کے تحفظ، احترام اور جشن کے پختہ عزم کو دہراتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ اُن کی پارٹی ثقافتی ترقی کو فروغ دینے، درخشاں روایات کے تسلسل اور اس امر کو یقینی بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گی کہ ثقافتی وقار اور قومی ترقی ساتھ ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔
سندھ کلچر ڈے: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا خصوصی پیغام
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے یومِ ثقافت سندھ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ آج صرف سندھ کا ثقافتی دن نہیں بلکہ یہ اپنی پہچان پر فخر کی تجدید کا دن ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدیوں کی تہذیب ہماری ذمہ داری بن کر ہمارے سامنے کھڑی ہے اور سندھ کی ثقافت صرف رنگوں تک محدود نہیں بلکہ یہ کردار، برداشت اور اتحاد کی علامت ہے۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ ہماری سرزمین نے دنیا کو امن، محبت اور علم دیا اور آج اسی روایت کو آگے بڑھانے کا دن ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کلچر ڈے ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اتحاد ہی ہماری اصل طاقت ہے اور ہماری نوجوان نسل کو ثقافت کو صرف پہننا نہیں بلکہ سمجھنا اور جینا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ سندھ کی موسیقیت، زبان اور روایتیں ہمارے مستقبل کی سمت متعین کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ کی شناخت کسی ایک دن کی نہیں بلکہ یہ ہر دل میں دھڑکتی ایک تاریخ ہے اور ہم سب آج یکجہتی کے سچے معنی دنیا کے سامنے دکھا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ماضی کو زندہ رکھا ہے اور یہی سندھ کی شان ہے۔
آخر میں مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ کی ثقافت پوری دنیا میں بسنے والے امن چاہنے والوں کی آواز ہے اور صدیوں کی مسافت طے کرکے ہمیں ورثے کو مزید روشن کرنا چاہیے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ کی جانب سے دنیا بھر میں سندھ کے لوگوں کو یوم ثقافت کی مبارکباد
کراچی: اسپیکر سندھ اسمبلی سید اویس قادر شاہ نے یومِ ثقافت سندھ کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والے سندھ دھرتی کے لوگوں کو خصوصی مبارکباد پیش کی۔
سید اویس قادر شاہ نے کہا کہ "سندھ کی ثقافت ہماری پہچان، ہمارا فخر اور ہمارا تاریخی ورثہ ہے۔” انہوں نے مزید کہا کہ سندھ محبت، رواداری، امن اور برداشت کی سرزمین ہے اور آج زبان، دھرتی اور ورثے سے محبت کرنے والوں کے لیے خوشی اور جشن کا دن ہے۔
اسپیکر سندھ اسمبلی نے کہا کہ اجرک اور ٹوپی صرف رنگ نہیں بلکہ سندھ کی شان اور سرفرازی کی علامت ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ یومِ ثقافت کا مقصد بھائی چارے، ہم آہنگی اور محبت کے پیغام کو عام کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی ثقافت، موسیقی اور رنگ آج پوری دنیا میں اپنی پہچان منوائیں گے اور دعا کی کہ سندھ ہمیشہ قائم و دائم رہے اور مزید ترقی و خوشحالی دیکھے۔
صوبائی وزیر لائیواسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی کا یومِ ثقافت سندھ پر پیغام
کراچی: صوبائی وزیر لائیواسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی نے یومِ ثقافت سندھ کے موقع پر کہا کہ "سندھی ثقافت ہماری پہچان اور ہماری شان ہے۔”
انہوں نے کہا کہ اجرک اور ٹوپی صرف لباس نہیں بلکہ اتحاد، محبت اور امن کی علامت ہیں۔ ملکانی نے مزید کہا کہ آج کا دن ہمیں سندھ کی روایات اور مہمان نوازی یاد دلاتا ہے اور نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی ثقافت سے جڑے رہیں۔
صوبائی وزیر نے سندھ کی ثقافت کو صوفیانہ فکر اور برداشت کا استعارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہماری سرزمین امن، محبت اور ہم آہنگی کا پیغام دیتی ہے اور ثقافتی ورثے کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
محمد علی ملکانی نے کہا کہ سندھ کی روایات صدیوں پر محیط دھرتی کی خوشبو ہیں اور آج پورا سندھ اپنی پہچان پر فخر کر رہا ہے۔
وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کی یوم ثقافت سندھ کی مبارکباد
کراچی: وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ نے یومِ ثقافت سندھ کے موقع پر دنیا بھر میں بسنے والی سندھی عوام کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ دن ہماری شناخت اور اتحاد کی علامت ہے۔
ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آج ہر گلی اور ہر شہر سندھی ثقافت کے رنگوں سے روشن ہے اور سندھ کی ثقافت صدیوں پر مشتمل تہذیب کا خوبصورت عکس ہے۔ یومِ ثقافت ہمیں اپنی روایات سے وفاداری کا پیغام دیتا ہے اور عالمی سطح پر امن کا بھی پیغام بن چکا ہے۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ سندھ کا ورثہ ہماری طاقت اور ہمارا فخر ہے، اور اجرک و ٹوپی سندھ کی محبت اور احترام کی علامت ہیں۔ انہوں نے عوام کے جشنِ ثقافت پر جوش و خروش کو قابلِ تعریف قرار دیا اور کہا کہ دنیا بھر میں سندھی اپنی ثقافت کو عزت و احترام کے ساتھ مناتے ہیں۔
ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ یومِ ثقافت ہمیں اپنی تہذیب کو محفوظ رکھنے کی یاد دہانی کراتا ہے، اور سندھی ثقافت صوفی تعلیمات کی امین ہے۔ نوجوان ثقافت کے سفیر بن کر ابھر رہے ہیں اور سندھ کی پہچان اس کی محبت بھری تہذیب ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ ثقافتی ورثہ ہماری نسلوں کا اثاثہ ہے اور سندھ کی ثقافت انسانیت، بھائی چارے، محبت، امن، یکجہتی، رواداری اور برداشت کا پیغام دیتی ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ثقافت عوام کے دلوں کو جوڑتی ہے اور سندھ کی ثقافت کا جشن دنیا بھر میں جوش و خروش سے منایا جاتا ہے، جس کے ذریعے ہم دنیا کو محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار کی سندھ اور دنیا بھر میں بسنے والے سندھی عوام کو یوم ثقافت کی مبارکباد
کراچی: وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے یومِ ثقافت سندھ کے موقع پر سندھ سمیت دنیا بھر میں بسنے والے سندھی عوام کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ "سندھ کی صدیوں پرانی تہذیب ہماری پہچان ہے، اور کلچر ڈے اس ورثے کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔”
وزیر داخلہ نے کہا کہ سندھی ثقافت امن، محبت اور رواداری کا خوبصورت مجموعہ ہے اور سندھ کے لوگ اپنی دھرتی، زبان اور اپنی روایات سے بے مثال محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اجرک اور ٹوپی کو صرف ثقافتی علامت نہیں بلکہ سندھ کی شان اور شناخت قرار دیا۔
ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ آج کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ تہذیب وہ سرمایہ ہے جو نسلوں کو یکجا رکھتا ہے۔ سندھ مہمان نوازی اور انسان دوستی میں اپنی مثال آپ ہے اور سندھی کلچر ڈے دراصل محبت، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی تاریخ اور ثقافتی ورثے پر فخر کرنا چاہیے اور سندھ کی موسیقی، ادب اور لوک روایات دنیا بھر میں اپنی انفرادیت رکھتی ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارا فرض ہے کہ اپنی ثقافت کو نہ صرف منائیں بلکہ اسے آنے والی نسلوں تک منتقل بھی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کی دھرتی صوفیائے کرام کا مرکز رہی ہے جو محبت اور امن کا درس دیتے ہیں، اور کلچر ڈے کے موقع پر ہم عہد کرتے ہیں کہ اپنی ثقافت اور اقدار کا تحفظ کریں گے۔ ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ سندھ کی سرزمین رنگوں، تہذیبوں اور روایتوں کا حسین امتزاج ہے اور سندھی کلچر ڈے دنیا کو ہمارے خوبصورت اور پرامن تشخص کا پیغام دیتا ہے۔
مشیروزیراعلیٰ سندھ گیانچند ایسرانی کی سندھی عوام کو یومِ ثقافت کی مبارکباد
کراچی: مشیر وزیراعلیٰ سندھ گیانچند ایسرانی نے یومِ ثقافت سندھ کے موقع پر سندھی عوام کو خصوصی مبارکباد پیش کی اور کہا کہ "سندھی ثقافت ہماری شناخت اور اتحاد کی علامت ہے۔”
انہوں نے کہا کہ سندھی ثقافت صدیوں پر مشتمل تہذیب کا عکس ہے اور یومِ ثقافت ہمیں اپنی روایات سے وفاداری کا پیغام دیتا ہے۔ مشیر وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ سندھ کی ثقافت عالمی سطح پر امن کا پیغام ہے اور اجرک اور ٹوپی سندھ کی محبت اور امن کے پیغام کی علامت ہیں۔
گیانچند ایسرانی نے سندھی ثقافت کی پہچان کو صوفی تعلیمات قرار دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کی ثقافت ہماری آنے والی نسلوں کا اثاثہ ہے اور یہ انسانیت اور بھائی چارے کا پیغام دیتی ہے۔