• جمعرات. جنوری 15th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

عبدالماجد بھرگڑی انسٹیٹیوٹ کو آئی ایس او کی بین الاقوامی سند – سندھی زبان کی عالمی سطح پر نئی پہچان

Bysamaj.com.pk

جولائی 10, 2025

حیدرآباد (سماج میڈیا گروپ) عبدالماجد بھرگڑي انسٹیٹیوٹ آف لینگویج انجنیئرنگ حیدرآباد کو بین الاقوامی معیار کی تنظیم آئی ایس او کی جانب سے سند دی گئی ہے، جس میں سندھی زبان کو مصنوعی ذہانت کے نظاموں میں شامل کرنے، جدید لسانی ڈھانچے بنانے اور انہیں عالمی معیار کے مطابق تیار کرنے پر ادارے کو "گلوبل انٹر سرٹیفکیشن” کی فہرست میں شامل کر کے عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔

ادارے کے ڈائریکٹر، جناب امر فیاض بُرِڑو نے اس اہم اعزاز پر سندھ بھر کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ثقافت و سیاحت کے محکمے، حکومت سندھ کے تحت قائم کیے گئے اس اہم ادارے کو بین الاقوامی سند ملنا نہ صرف ہمارے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے کہ ہم ہزاروں سال پرانی اس زبان کو روایتی نظر سے ہٹا کر جدید ترین تحقیق اور معیار کے مطابق آگے بڑھائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فی الوقت سندھی زبان کو کوئی فوری خطرہ لاحق نہیں، لیکن اگر ہم نے اس زبان کو اپنے گھروں، تعلیمی اداروں اور مارکیٹ کے رجحانات میں شامل نہ کیا تو یہ ایک تشویشناک امر ہوگا۔

امر فیاض بُرِڑو نے بتایا کہ ادارے نے ایک ایسا فونٹ تیار کیا ہے جس میں موہن جو دڑو کی تمام علامات، خداوادی، ابوالحسن کی تحریر، ٹرمپ کی بنائی گئی علامتی اشکال اور آج کے جدید سندھی الفاظ کو یکجا کیا گیا ہے۔ اگرچہ دنیا بھر میں ہزاروں محققین نے اس فونٹ کو ڈاؤنلوڈ کیا ہے اور اسے اپنے تحقیق میں استعمال کر رہے ہیں، مگر سب سے زیادہ استعمال بیرونی ممالک کے محققین نے کیا ہے۔ افسوس کہ ہمارے اپنے ملک میں اس پر کم توجہ دی گئی، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم اپنی ہی زبان سے کتنا تعلق رکھتے ہیں۔

انہوں نے ادارے کی پوری ٹیم کو خراجِ تحسین پیش کیا، جن کی شب و روز محنت نے سندھی زبان کو بین الاقوامی نظاموں میں شامل کرنے کا خواب ممکن بنایا۔ ساتھ ہی انہوں نے شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، شہید بینظیر آباد کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا، جن کے طلبا انسٹیٹیوٹ کے مختلف منصوبوں میں سرگرمِ عمل ہیں۔