• جمعرات. جنوری 15th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

محکمہ لائیو اسٹاک نے غیر ملکی زرمبادلہ کمانے کیلئے اصلاحاتی کام شروع کردیا گیا ہے، نجمی عالم

Bysamaj.com.pk

جولائی 25, 2024

کراچی (سماج میڈیا گروپ) وزیراعلیٰ سندھ کے محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز کے مشیر سید نجمی عالم نے کہا ہے کہ سندھ کے محکمہ لائیو اسٹاک میں غیر ملکی زرمبادلہ کمانے کیلئے اصلاحاتی کام شروع کردیا گیا ہے۔ دودھ، گوشت اور جانوروں کی برآمدات کو بڑھانے کیلئے ہم سندھ کے تمام دلچسپی رکھنے والی برادریوں، برآمد کنندگان اور پروڈیوسرز کو دعوت دے رہے ہیں کہ وہ ہمارے محکمے کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات سے استفادہ حاصل کریں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر کراچی کے ایکسپورٹر فہد قیوم نے صوبائی مشیر کو جانوروں کی ایکسپورٹ کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ سیکریٹری لائیو اسٹاک اینڈ فشریز ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ایڈیشنل سیکریٹری لائیو اسٹاک ڈاکٹر نذیر حسین کلہوڑو، ڈائریکٹر جنرل لائیو اسٹاک سندھ حزب اللہ بھٹو، ڈائریکٹر اینیمل بریڈنگ ڈاکٹر احتشام رانا نے شرکت کی۔ اس موقع پر سید نجمی عالم نے مزید کہا کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ سندھ کے مویشی مالکان کو گوشت اور دودھ سمیت تمام اقسام کے جانوروں کو برآمد کرکے مالی فائدہ پہنچایا جائے جس سے ہمارے ملک کو غیر ملکی زرمبادلہ کمانے کا موقع ملے گا تاہم ہمارے ملکی برآمد کنندگان بھی اس کاروبار سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں جس کیلئے ہم انہیں تمام سہولیات فراہم کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ اس کاروبار سے متعلق تمام فریقوں کو آئندہ اجلاس میں مدعو کیا جائے گا تاکہ مشترکہ میکنزم بنایا جا سکے۔