• بدھ. جون 18th, 2025

سماج

samaj.com.pk

حکومت سندھ نے لیدر انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے 277.396 ملین روپے فراہم کئے ہیں، جام اکرام اللہ

Bysamaj.com.pk

جولائی 24, 2024

کراچی (سماج میڈیا گروپ) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو کی زیر صدارت پاکستان ٹینرز (چمڑے) ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے ساتھ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری صنعت و تجارت محمد یاسین شر بلوچ، ایسوسی ایشن کے نمائندے محمد شفیع، عزیز احمد، اعجاز احمد و دیگر شریک ہوئے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ حکومت سندھ نے لیدر انفرااسٹرکچر کی بہتری کے لئے 277.396 ملین روپے فراہم کئے ہیں۔ انفرااسٹرکچر کی مذید بہتری کے لئے 500 ملین روپے کی سمری بھی جلد منظور کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سندھ کی گرانٹ کی مدد سے 8.5 کلومیٹر سڑکیں تعمیر کی گئیں ہیں۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ کورنگی انڈسٹریل ایریا سے تجاوزات کا بھی خاتمہ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان بالخصوص سندھ میں چمڑے کی صنعت کو فروغ دیا جائے گا اور رواں سال کے آخر میں کراچی ایکسپو سینٹر میں بین الاقوامی سطح کی لیدر ایکسپو منعقد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چمڑے کی صنعت سے وابستہ تاجر برادری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے۔