پیپلز اسٹاف یونین نے تیسری بار بھاری اکثریت سے میدان مار لیا — کارکنوں کا جوش و خروش، سندھ بھر میں جشن
کراچی/حیدرآباد/سکھر (سماج نیوز)
پیپلز اسٹاف یونین (PSU) سندھ ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی نے سی بی اے ریفرنڈم میں تیسری بار بھاری اکثریت سے تاریخی کامیابی حاصل کر لی۔ صوبے بھر میں ہونے والی پولنگ میں کارکنوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔
ریفرنڈم میں سوشل سیکیورٹی کے 1615 ممبران نے ووٹ کاسٹ کیے، جن میں سے غیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز اسٹاف یونین نے 1400 ووٹ حاصل کیے اور میدان مار لیا۔ اس ریفرنڈم میں انڈس لیبر یونین اور یونائیٹڈ اسٹاف یونین نے پی ایس یو کے خلاف الیکشن میں حصہ لیا، تاہم دونوں یونینز کو کارکنوں نے واضح اکثریت سے مسترد کر دیا۔
چند روز قبل انڈس لیبر یونین کی جانب سے عدالت سے اسٹے آرڈر لیا گیا تھا، جسے اعلیٰ عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ریفرنڈم کرانے کا حکم دیا۔ بعدازاں کراچی، حیدرآباد، کوٹری اور سکھر میں پولنگ کا عمل مکمل ہوا۔
کامیابی کے اعلان کے بعد سندھ بھر میں پی ایس یو کے کارکنوں نے جشن منایا۔
کراچی میں منعقدہ مرکزی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس یو کے چیئرمین اعجاز عباسی نے کہا:
"کارکنوں نے مخالفین کو شکست دے کر سوشل سیکیورٹی میں گلاب کے پھولوں کی خوشبو پھیلا دی ہے۔ یہ جیت مزدوروں کی جیت ہے۔”
صدر احمد نواز سمیجو نے کہا کہ کارکنوں نے ایک بار پھر پیپلز پارٹی کی یونین پر اعتماد کا اظہار کیا ہے:
"ہم پر جو اعتماد کیا گیا ہے، ہم اسے بہتر کارکردگی سے ثابت کریں گے۔”
جنرل سیکریٹری شاكر منیر نے اپنے خطاب میں کہا:
"پیپلز پارٹی اور اس کے کارکنوں کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ پی ایس یو مزدوروں کی طاقت ہے۔”
اسی طرح ڈپٹی جنرل سیکریٹری کامریڈ عبدالجبار سولنگی نے حیدرآباد اور کوٹری کے جلسوں سے خطاب میں کہا کہ پیپلز اسٹاف یونین ہی سوشل سیکیورٹی ملازمین کے حقوق کی ضمانت ہے۔
انہوں نے کہا کہ:
"ہم نے کبھی کارکنوں کو اکیلا نہیں چھوڑا، ان کے ہر مسئلے کو حل کرائیں گے۔”
آفیسرز ایسوسی ایشن کے صدر امداد بانبھن نے کہا کہ آفیسرز یونین کا ساتھ ہمیشہ پی ایس یو کے ساتھ رہے گا۔
اسی طرح پیرا میڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے صدر ذوالفقار علی، وائس چیئرمین عبداللہ شیخ، نائب صدر ظفر برڑو اور کامریڈ حسین بخش گاھوٹی نے کہا کہ پیرا میڈیکل اسٹاف پہلے بھی پی ایس یو کے ساتھ تھا اور آئندہ بھی ساتھ رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ:
"ہم سروس اسٹرکچر اور ٹائم اسکیل کی بحالی کے لیے پی ایس یو کے ساتھ مشترکہ جدوجہد جاری رکھیں گے۔”
کوٹری اور سکھر میں منعقدہ اجتماعات سے سید ندیم شاہ، سید سدھیر شاہ، فرمان سولنگی، زین العابدین جونیجو، رحیم جتوئی، نور حسن مہر، فدا کٹپر، جاوید تھہیم، اعجاز میمن، سلمان لغاری، روشن لغاری، فاضل چنا، اکرم چنا، معظم میمن، مہران آریجو، جمعو خلجی، وقار احمد، حماد جمالی اور علی مراد منگی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ:
"یہ ریفرنڈم مخالفین کے لیے عوامی جواب ہے، کارکنوں نے ثابت کر دیا کہ پی ایس یو ہی ان کی اصل نمائندہ تنظیم ہے۔ ہم ہر ملازم کو اس کا حق دلائیں گے۔”