اسلام آباد/گلگت بلتستان (سماج نیوز ڈیسک) گلگت بلتستان کے دور افتادہ مگر حوصلہ مند علاقے شمشال سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ کوہ پیما ثمینہ بیگ نے ایک اور تاریخ رقم کر دی۔ وہ اسکی کے ذریعے جنوبی قطب (ساوتھ پول، لاسٹ ڈگری) تک پہنچنے والی پاکستان کی پہلی خاتون بن گئی ہیں۔ یہ کامیابی دنیا کے مشکل ترین مہماتی چیلنجز پر مشتمل ایکسپلوررز گرانڈ سلیم کی تکمیل کی جانب ایک اہم اور تاریخی سنگِ میل ہے۔ ماضی میں کوئی بھی پاکستانی اس کارنامے کو انجام نہیں دے سکا۔
اس موقع پر ثمینہ بیگ نے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ اس کامیابی پر خود کو بے حد شکر گزار اور عاجز محسوس کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق جنوبی قطب تک اسکی کا یہ سفر ان کی زندگی کے سب سے مشکل اور بامعنی تجربات میں سے ایک ہے، جسے الفاظ میں بیان کرنا بھی آسان نہیں۔
ثمینہ بیگ نے کہا کہ 2013 میں ماؤنٹ ایورسٹ کی چوٹی پر کھڑے ہونے سے لے کر سیون سمٹس (ہر براعظم کی بلند ترین چوٹی) سر کرنے، کے ٹو اور نانگا پربت کو عبور کرنے اور اب جنوبی قطب تک پہنچنے تک، ان کا یہ سفر انہیں زمین کے بلند ترین پہاڑوں اور دور دراز ترین مقامات تک لے گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس سفر کے ہر قدم نے انہیں صبر، ثابت قدمی اور اپنے خواب پر یقین کرنا سکھایا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ سفر کبھی بھی آسان نہیں رہا، بلکہ یہ خواب پر بھروسا کرنے، غیر یقینی حالات میں ثابتقدم رہنے اور ناممکن نظر آنے والے راستوں پر بھی آگے بڑھتے رہنے کا نام ہے۔ ثمینہ بیگ نے امید ظاہر کی کہ ان کا یہ سفر نوجوانوں، خاص طور پر لڑکیوں کو یہ پیغام دے گا کہ خواب دیکھنا اور انہیں پورا کرنا ہمیشہ قابلِ قدر ہوتا ہے، چاہے اس میں کتنا ہی وقت کیوں نہ لگے۔





ثمینہ بیگ نے اپنی کامیابی پر اپنی کمیونٹی کے ان افراد کا خصوصی شکریہ ادا کیا جنہوں نے مالی طور پر ان کی مدد کی، اور کہا کہ وہ ان کے لیے جلد ایک خصوصی پیغام بھی شیئر کریں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے اپنی ٹیم، خاندان، نمس ڈائی، ایلیٹ ایکسپیڈیشنز اور ان تمام افراد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے جذباتی طور پر ان کا ساتھ دیا اور ان پر یقین رکھا۔
ان کا کہنا تھا کہ ان سب کے اعتماد، حوصلہ افزائی اور مہربانی کے بغیر یہ سفر ممکن نہ تھا۔
ثمینہ بیگ نے کہا کہ پاکستان کا پرچم اور اپنی اسماعیلی کمیونٹی کا پرچم پہاڑوں، براعظموں اور قطبی برف پر لے جانا ان کی زندگی کا سب سے بڑا اعزاز ہے۔ وہ ہر موقع، ہر سبق اور ہر اس شخص کے لیے شکر گزار ہیں جو اس سفر میں ان کے ساتھ رہا۔
ثمینہ بیگ کی یہ تاریخی کامیابی نہ صرف پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے بلکہ سماج میں حوصلے، برابری، محنت اور خوابوں پر یقین کے فروغ کی ایک روشن مثال بھی ہے۔
سماج کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں
سماج نیوز — www.samaj.com.pk