کراچی (سماج نیوز) وزیرِ صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی ہدایت پر صوبے بھر میں ڈینگی اور ملیریا سے بچاؤ کی وسیع مہم شروع کر دی گئی ہے۔
محکمہ صحت سندھ کے مطابق، رواں سال ڈینگی کے 819 اور ملیریا کے 2 لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہے کہ “حکومت سندھ کی تمام مشینری متحرک ہے، ہر ضلع میں اسپرے، فوگنگ اور آگاہی پروگرام روزانہ کی بنیاد پر کیے جا رہے ہیں۔ عوامی تعاون سے ہی اس وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔”
تمام اضلاع میں لاروہ کش اسپرے، فوگنگ، اور آگاہی مہمات جاری ہیں۔
اسکولوں، اسپتالوں، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر بینرز، پمفلٹس اور آگاہی مواد لگایا جا رہا ہے۔
لیڈی ہیلتھ ورکرز گھر گھر جا کر عوام کو صفائی اور احتیاطی تدابیر سے آگاہ کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر پیچوہو نے کہا کہ “ڈینگی قابلِ انسداد بیماری ہے، اگر ہم صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں تو اس وبا پر جلد قابو پایا جا سکتا ہے۔”
محکمہ صحت کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں کی روزانہ مانیٹرنگ کر رہی ہیں اور اسپرے کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے۔
📢 عوام سے اپیل: گھروں اور گلیوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، صفائی ستھرائی برقرار رکھیں، اور مچھر سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔