• جمعرات. جنوری 15th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

بلاول بھٹو زرداری کی کسانوں اور سیلاب متاثرین کے لیے فوری امداد کی اپیل

Bysamaj.com.pk

ستمبر 25, 2025

وفاقی حکومت زرعی ایمرجنسی کے تحت آئی ایم ایف سے بات کرے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سب سے بڑا سہارا ہے: بلاول بھٹو زرداری

کراچی (رپورٹ: اشرف سولنگی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین اور کسانوں کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے فوری ریلیف دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے بے نظیر ہاری کارڈ کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کی مدد کا فیصلہ کیا ہے جبکہ وفاقی حکومت بھی ساتھ دے تو کسانوں کو زیادہ سہولت دی جا سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاق کو زرعی ایمرجنسی کے تحت آئی ایم ایف سے بات کرنی چاہیے تاکہ گندم خریداری، امدادی قیمتوں اور ٹیکسوں میں کسانوں کو ریلیف دیا جا سکے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ گندم درآمد کرنے پر قیمتی زرمبادلہ ضائع ہوتا ہے، اس کے بجائے کسانوں پر سرمایہ لگایا جائے تاکہ ملک گندم برآمد کرے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے واضح کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سب سے کامیاب فلاحی اقدام ہے جس کے سب سے زیادہ مستفید افراد پنجاب میں ہیں۔ ن لیگ کے رہنماؤں نے ہمیشہ اس پروگرام کی تعریف کی ہے لیکن اب اگر وہ مخالفت کر رہے ہیں تو یہ یوٹرن ہے۔

انہوں نے عالمی برادری سے امداد کے لیے اپیل نہ کرنے پر وفاقی حکومت سے سوال اٹھایا اور کہا کہ ماضی میں ہر بحران میں عالمی اداروں سے مدد لی گئی۔ بلوچستان اور دہشت گردی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ فوجی حل نہیں نکالا جا سکتا لیکن سیاسی و معاشی اقدامات ناگزیر ہیں۔

کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی ترجیح پانی کا مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے حب کینال سمیت دیگر منصوبے جاری ہیں۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے وفاقی حکومت، وزیر اعظم اور اسحاق ڈار کی سپورٹ پر شکریہ بھی ادا کیا۔