• جمعرات. جنوری 15th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

فریال تالپور نے کراچی میں تین روزہ سرتیون سنگ کرافٹس نمائش کا افتتاح کیا

Bysamaj.com.pk

دسمبر 7, 2025

کراچی: پیپلز پارٹی لیڈیز ونگ کی صدر فریال تالپور نے کراچی کے اوشین مال کلفٹن میں تین روزہ سترویں ’’سرتیون سنگ کرافٹس‘‘ نمائش کا افتتاح کیا۔
اس نمائش کا انعقاد سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن ( سرسو ) نے سندھ حکومت کے اشتراک سے کیا ہے جس میں سندھ کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی ہزاروں دیہاتی ہنر مند خواتین کے کام کی نمائش کی گئی ہے جس کا مقصد دیہی خواتین اور ہنر مند خواتین کو مارکیٹ سے رابطہ فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب دوران فریال تالپور نے سندہ حکومت کی جانب سے سندھ کی دیہی ، غریب اور بے سہارا کمیونٹی كو سرسو کے ذریعے مالی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے کی گئی کوششوں کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فریال تالپور نے کہا "پیپلز پارٹی کی حکومت نے پسماندہ علاقوں میں خواتین کو درپیش مسائل كو حل کرنے کیلئے سنجیدہ اقدام کیئے ہیں۔
فریال تالپور نے کے مطابق دستکاری اور فن پارے مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے میں مدد کرتے ہیں اور ایسے پلیٹ فارم مقامی کاریگروں کو اپنی مصنوعات کی مارکیٹنگ میں مدد دیتے ہیں۔
نمائش کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دستکاروں، دستکاریوں اور سندھ کی ثقافت کو فروغ دینے کے لیے اس طرح کی سرگرمی کا اہتمام ایک بہترین کاوش ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر پلاننگ اور ڈولپمنٹ جام خان شورو، پارلیمانی سیکریٹری پلاننگ و ڈولپمنٹ سادیہ جاوید، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد سمیت سرسو کی چیئرپرسن ناہید شاہ درانی و دیگر شخصیات موجود تھی۔

سرسو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، محمد ڈتل کلہوڑو نے کہا کہ نمائش کا مقصد دیہی سندھ کی خواتین کاریگروں کے لیے بہتر آمدنی میں سہولت فراہم کرنا ہے، انہوں نے کہا کہ سرسو کہ آپریشنل اضلاع میں بزنس ڈویلپمنٹ گروپ (BDGs) بنائے گئے ہیں جن میں 15000 سے زائد خواتین ممبر کاریگر مختلف مہارتوں سے لیس کردی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرسو ان BDGs کی مصنوعات کو سرتیون سنگ انٹرپرائز کے ذریعے مارکیٹ کرتا ہے۔

"ہم نے جیکب آباد، کندھ کوٹ-کشمور، شکارپور،لاڑکانہ، نوشھروفیروز، گھوٹکی، قمبر-شہداد کوٹ، بدین، ٹھٹہ, سانگھڑ، عمرکوٹ، خیرپور اور سکھر اضلاع کے انتہائی پسماندہ علاقوں سے ہزاروں خواتین کو تربیت دی ہے تاکہ ان خواتین کو ان کی مہارتوں سے زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کرنے میں مدد مل سکے ۔
سی ای او کلہوڑو نے کہاکہ "مارکیٹ میں دستیاب چیزوں سے اپنے کام کو الگ کرنے کے لیے ہم نے کچھ رجحانات متعارف کرائے ہیں تاکہ ان كو مارکیٹ میں زیادہ پزیرائی مل سکے.
سرسو کے زیر اهتمام سرتیوں سنگ نمائش کا انعقاد اخلاقی فیشن کی حمایت کرنے اور صوبے کی سب سے پسماندہ خواتین کے دستکاری کو فروغ دینے کے مقصد سے کیا جا رہا ہے۔ تقریب میں کلفٹن، ڈفینس اور آس پاس کے علاقوں کی خواتین کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی جہاں سندھی ثقافت کے تمام اجزاء موجود ہیں۔ شاندار روایتی دستکاریوں کی نمائش میں دیہی خواتین کے تیار کردہ سندھ کے دستکاری کے وسیع مرکب کی نمائش میں گھریلو ٹیکسٹائل، ٹوکری، زیورات، کپڑے، رلی، اجرک، دوپٹے، شالوں سمیت 7 ہزار سے زائد مصنوعات شامل ہیں جو روایتی کڑھائی اور کٹ ورک سے مزین ہیں۔ ان تقریبات کا مقصد مقامی دستکاریوں کو فروغ دینا اور ہمارے بزنس ڈویلپمنٹ گروپس اور کاریگروں کو کراچی کی اعلیٰ مارکیٹ سے مربوط کرنے کے لیے ایک مضبوط عمل شروع کرنا تھا۔ یہ خالصتاً دیہی خواتین خصوصاً شمالی سندھ کے انتہائی دور دراز دیہات سے تعلق رکھنے والی خواتین کے لیے مارکیٹ کے مواقع پیدا کرنے کی ایک کوشش ہے اور ان نمائشوں سے حاصل ہونے والا منافع ان کاریگروں کو منتقل کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ نمائش کے پہلے دن مقامی اور بین الاقوامی خریداروں کی جانب سے زبردست ردعمل ملا ہے جب کہ یہ نمائش 7 دسمبر اتوار تک جاری رہیگی۔