کراچی (سماج میڈیا گروپ) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو کی صدارت میں کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں جنرل سیکرٹری سندھ سینیٹر وقار مہدی، صدر کراچی ڈویژن سعید غنی، جنرل سیکرٹری کراچی ڈویژن رؤف ناگوری، انفارمیشن سیکرٹری کراچی ڈویژن ڈاکٹر شرمیلا فاروقی، رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی، رکن صوبائی اسمبلی شاہینہ شیر علی، ارکان اسمبلی کے علاوہ تمام اضلاع کے صدر، جنرل سیکرٹریز، انفارمیشن سیکرٹریز، سٹی کونسلرز، چیئرمین اور وائس چیئرمینز نے شرکت کی۔
اجلاس کا آغاز شہداء کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یومِ تاسیس کا جلسہ دوپہر 1 بجے کورنگی اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے گا، جہاں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کریں گے۔
مزید فیصلہ کیا گیا کہ 29 نومبر کی شب تمام اضلاع میں مشعل بردار ریلیاں نکالی جائیں گی۔
پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کا اہم اجلاس

پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کراچی ڈویژن کا اجلاس صدر رکن قومی اسمبلی شاہدہ رحمانی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا اور شہید ذوالفقار علی بھٹو، محترمہ بینظیر بھٹو اور دیگر شہداء کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر شعبہ خواتین کراچی ڈویژن شاہدہ رحمانی نے پارٹی کی قیادت اور کارکنان کی قربانیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنا 58واں یومِ تاسیس منانے جا رہی ہے اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے بیج سے اب پارٹی کی تیسری نسل اس کی پاسداری کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو متفقہ آئین دیا، جمہوری اقدار کی حفاظت کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ہر دور میں کارکنان نے جیلیں کاٹیں، کوڑے کھائے، اور قیادت نے شہادتیں قبول کیں مگر سودے بازی نہیں کی۔
شاہدہ رحمانی نے 27ویں آئینی ترمیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 18ویں ترمیم کو مضبوط کر کے صوبوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ عوام کی خدمت، انصاف اور جمہوری جدوجہد کو جاری رکھے گی۔
اجلاس میں کراچی ڈویژن سے سینیئر نائب صدر نسرین چانڈیو، ناہید طاہر، اسماء حسن، بلقیس فاطمہ، مسرت نیازی، رضیہ کامران، تحسین عابدی، ناہید بھٹو کے علاوہ تمام اضلاع کی صدور، جنرل سیکریٹریز اور انفارمیشن سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں 30 نومبر کو 58ویں یومِ تاسیس کے موقع پر کراچی ڈویژن میں منعقد ہونے والے جلسے میں خواتین کی بھرپور شرکت اور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا اعادہ بھی کیا گیا۔