• جمعرات. جنوری 15th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

اسلام آباد: جی الیون کچہری کے قریب خودکش دھماکا، 12 افراد شہید، متعدد زخمی

Bysamaj.com.pk

نومبر 11, 2025

اسلام آباد (سماج نیوز) — وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی الیون میں کچہری کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے میں 12 افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آواز کئی کلومیٹر دور تک سنی گئی جبکہ قریبی گاڑیوں میں آگ بھڑک اٹھی۔

پولیس کے مطابق موٹر سائیکل سوار خودکش حملہ آور نے پولیس کی گاڑی کے قریب پہنچ کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ واقعے میں 3 گاڑیاں متاثر ہوئیں جن میں ایک پولیس کی اور دو نجی گاڑیاں شامل ہیں۔ جائے وقوعہ سے مبینہ خودکش حملہ آور کا سر اور جسم کے دیگر اعضا برآمد کر لیے گئے ہیں۔

دھماکے کے بعد پمز اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ زخمیوں میں وکلا، سائلین اور راہگیر شامل ہیں۔ اسپتال ذرائع کے مطابق متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

دھماکے کے فوری بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکھٹے کرنے کا عمل جاری ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے واقعے کو خودکش حملہ قرار دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی شواہد کے مطابق حملے میں ہندوستانی اسپانسرڈ عناصر اور افغان طالبان سے منسلک فتنۂ الخوارج کے ملوث ہونے کے امکانات پر تفتیش کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب، شہریوں کو جائے وقوعہ سے دور رہنے اور افواہوں پر کان نہ دھرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وزارتِ داخلہ نے واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔