• جمعرات. جنوری 15th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

گھوٹکی: صحافی طفیل رند نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جاں بحق

Bysamaj.com.pk

اکتوبر 8, 2025

گھوٹکی (نمائندہ خصوصی): میرپور ماتھیلو کے علاقے جروار روڈ، مسو واہ کے قریب آج صبح نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے مقامی صحافی طفیل رند کو قتل کر دیا۔ افسوسناک طور پر، چاچا کو فائرنگ میں جاں بحق ہوتا دیکھ کر طفیل رند کی معصوم بھتیجی رینا شدید صدمے سے جاں بحق ہو گئی۔

پولیس کے مطابق، طفیل رند اپنے بچوں کو اسکول چھوڑنے جا رہے تھے کہ اچانک نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

مقتول صحافی میرپور ماتھیلو پریس کلب کے جنرل سیکریٹری تھے اور بتایا جا رہا ہے کہ ان کا اپنی برادری کے بعض افراد کے ساتھ ذاتی تنازع بھی چل رہا تھا۔

پولیس نے لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال میرپور ماتھیلو منتقل کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا اظہارِ افسوس اور واقعے کا نوٹس

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے گھوٹکی میں صحافی طفیل رند کے قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ صحافیوں پر حملے آزادیٔ صحافت پر حملے ہیں، ایسے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سندھ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔
انہوں نے ہدایت دی کہ طفیل رند کے قتل کی غیرجانبدارانہ تحقیقات یقینی بنائی جائیں اور ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
وزیراعلیٰ نے مقتول صحافی کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار کا اظہارِ افسوس

وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے صحافی طفیل رند کے بہیمانہ قتل پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی سکھر سے فوری اور تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کو ہر صورت گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے،
اور واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کو یقینی بنایا جائے۔

وزیر داخلہ نے طفیل رند کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ
مقتول صحافی کے قاتلوں کو گرفتار کر کے صحافی برادری کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی مذمت اور تعزیت

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے میرپور ماتھیلو کے صحافی طفیل رند کے قتل کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ
یہ ایک افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے، ایسے حملے آزادیٔ اظہار پر حملہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت مقتول صحافی کے اہلِ خانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے،
اور وزیراعلیٰ سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔