• پیر. مارچ 2nd, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

فنکار ثقافت کے سفیر، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کر رہے ہیں، ذوالفقار شاہ

Bysamaj.com.pk

اپریل 21, 2024

کراچی (رپورٹ: کامران جونیجو) صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا ہے کہ فنکار ہماری ثقافت کے سفیر ہیں،  فنکاروں کو درپیش مسائل سے واقف ہیں، بہت جلد کیفے ثقافت اسٹوڈیو کا بھی آغاز کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں سندھ کے نامور فنکاروں، گلوکاروں و موسیقاروں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ گلوکاروں میں محمد علی شہکی، شمن علی میرالی، سلمان علوی، تاج مستانی، عبدالغفور، طفیل سنجرانی، ذوالفقار علی، احمد مغل، شہنیلا علی، اظہر حسین، ممتاز مولائی، استاد فرحان رئیس خان، اصغر کھوسو و کئی نامور فنکار موجود تھے۔ اجلاس میں فنکاروں نے اپنے مسائل، وظائف، ہیلتھ انشورنس و دیگر مسائل سے متعلق آگاہ کیا۔ فنکاروں نے ضلعی سطح پر منعقد ہونے والے سچل سرمست و لعل شہباز قلندر میلے و ایوارڈز میں موقع نہ دیے جانے پر ضلعی انتظامیہ کی شکایات کیں۔ صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ حکومتی سطح پر اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ کسی فنکار کے ساتھ زیادتی نہ ہو اور سچل و لعل شہباز قلندر میلے و ایوارڈز سے متعلق شکایات پر ضلعی انتظامیہ سے بات چیت کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ فنکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے جلد صحت کارڈ جاری کرینگے اور ہر ماہ یا دو ماہ میں ایک اجلاس منعقد کریں گے۔ صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اس سلسلے میں اگست میں ڈویژن کی سطح پر سندھ بھر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام شروع کرنے جارہے ہیں جس کی کھوج کے لیے ہمیں آپکی مدد کی ضرورت ہے۔ فنکاروں نے صوبائی وزیر ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز سید ذوالفقار علی شاہ کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔