کراچی (سماج نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عالمی یومِ تھیٹر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ تھیٹر سماج کا آئینہ دار ہے جو انسانی جذبات، سماجی مسائل اور ثقافتی اقدار کی بھرپور عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے پرفارمنگ آرٹس سے وابستہ افراد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کاوشیں سماج میں شعور بیدار کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھیٹر محض اداکاری کا نام نہیں بلکہ یہ زندہ و جاوید انسانی احساسات کی ترجمانی کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی دھرتی نے ہمیشہ عظیم فنکار پیدا کیے ہیں جنہوں نے تھیٹر کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا اور اسے عالمی سطح پر متعارف کروایا۔
سید مراد علی شاہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت تھیٹر کے فروغ، فنکاروں کی فلاح و بہبود اور ان کی سرپرستی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیج فنکاروں نے سندھ اور پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تھیٹر عوامی شعور بیدار کرنے اور سماجی برائیوں کی نشاندہی کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، جبکہ اسٹیج کے ذریعے سندھ کی ثقافت اور روایات کو نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت صوبے میں تھیٹر ہالز کی بحالی اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی کوشاں ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل دور کے باوجود لائیو تھیٹر کی اہمیت برقرار ہے اور اسٹیج ڈراموں کے ذریعے برداشت، رواداری اور بھائی چارے کے پیغامات کو عام کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلاسیکی اور جدید اسکرپٹس کا امتزاج سندھ کے تھیٹر کو عالمی سطح پر مزید ممتاز بنا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تھیٹر کی بحالی سے نہ صرف مثبت ثقافتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ سیاحت کے شعبے میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت فن و ثقافت کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔