کراچی (سماج میڈیا گروپ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ روزمرہ کی زندگی میں حقوق العباد پر عمل کرنا ہی انسانی حقوق ہیں۔ فلسطین اور کشمیر میں اسرائیل اور بھارت انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے انسانی حقوق کے عالمی دن کی مناسبت سے وزیراعلیٰ ہاؤس سے اپنے جاری کردہ پیغام میں کہی۔ وزریراعلیٰ سندھ نے کہا کہ انسانی حقوق کا عالمی دن ہر سال 10 دسمبر کو دنیا بھر میں منایا جاتا ہے، اس سال 2024ء ’ ہمارے حقوق، ہمارا مستقبل، ابھی‘کے عنوان سے منایا جارہا ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ روزمرہ کی زندگی میں حقوق العباد پر عمل کرنا ہی دراصل انسانی حقوق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق پرامن، انصاف پسند اور جامع معاشروں کی بنیاد ہیں اور اظہار آزادی، تعلیم اور صحت کی رسائی انسانی حقوق کی اولین ترجیحات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت بلا تفریق انسانی حقوق کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے۔ انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے ایک منصفانہ سماج کا قیام لازمی ہے اور سندھ سمیت پاکستان میں تمام شہریوں کو یکساں حقوق حاصل ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیاں ہورہی ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی اور بھارتی مظالم سے معصوم لوگوں کو تحفظ دلایا جائے۔