• بدھ. نومبر 11th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

اوہائیو یونیورسٹی میں پاکستانی ناشتے کی تقریب، مختلف ممالک کے طلبہ کی شرکت

Bysamaj.com.pk

اکتوبر 22, 2026

# اوہائیو یونیورسٹی میں پاکستانی ناشتے کی تقریب، مختلف ممالک کے طلبہ کی شرکت

ایتھنز، اوہائیو (سماج نیوز) اوہائیو یونیورسٹی، ایتھنز میں پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے زیرِ اہتمام روایتی پاکستانی ناشتے کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ اور دیگر شرکاء نے شرکت کی۔ تقریب کا مقصد پاکستانی ثقافت، روایتی کھانوں اور قومی روایات کو متعارف کرانے کے ساتھ مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔

تقریب میں پاکستان، انڈونیشیا، بنگلہ دیش، بھارت، نیپال، میکسیکو، ایکواڈور، مصر، سری لنکا اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔ شرکاء نے پاکستانی روایتی کھانوں، بالخصوص نہاری اور حلوہ پوری، کو بے حد پسند کیا۔

پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے تعلیمی مشیر ڈاکٹر لئیق خان نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔ وہ اوہائیو یونیورسٹی میں ڈائریکٹر اسمارٹ لیب اور اسکول آف میڈیا آرٹس اینڈ اسٹڈیز کے گریجویٹ ڈائریکٹر بھی ہیں۔ انہوں نے طلبہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو اپنی قومی شناخت برقرار رکھتے ہوئے محنت، لگن اور عزم کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ طلبہ اپنی کمیونٹی سے مضبوط روابط قائم رکھیں اور دنیا بھر میں دستیاب تعلیمی و پیشہ ورانہ مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔

پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کی نائب صدر آزادی فتح محمد نے تقریب کے آغاز میں شرکاء کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد بیرونِ ملک تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو گھر جیسا ماحول فراہم کرنا اور پاکستانی کھانوں کے ذریعے مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیوں سے جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے ساتھ امریکی طلبہ کو بھی پاکستان کی ثقافت اور روایات سے آگاہ ہونے کا موقع ملتا ہے۔

ایسوسی ایشن کی صدر زویا فتح محمد نے مہمانِ خصوصی کو گلدستہ پیش کیا اور تقریب میں شرکت کرنے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن پاکستانی طلبہ کی کمیونٹی کو مضبوط بنانے اور عالمی سطح پر ان کے علمی، ادبی اور ثقافتی کردار کو اجاگر کرنے کے لیے کوشاں ہے۔

تقریب کے کامیاب انعقاد میں پاکستان اسٹوڈنٹ ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر برائے سوشل میڈیا و ابلاغ احمد مجتبیٰ وکیل اور خزانچی امش عسکری نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے اس سرگرمی کو مختلف قومیتوں کے درمیان ثقافتی تبادلے، باہمی احترام اور دوستی کے فروغ کا ایک مثبت ذریعہ قرار دیا۔ اس موقع پر پاکستانی کھانوں اور روایات کے ذریعے پاکستان کا مثبت ثقافتی تشخص اجاگر کرنے کی کوشش بھی نمایاں رہی۔