• منگل. جون 17th, 2025

سماج

samaj.com.pk

عالمی اردو کانفرنس سے متعلق چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اہم اجلاس

Bysamaj.com.pk

نومبر 27, 2024

سترھویں عالمی اردو کانفرنس جشن کراچی کے حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی سربراہی میں اہم اجلاس

اجلاس میں سترھویں عالمی اردو کانفرنس جشن کراچی کے انعقاد کے متعلق سیکورٹی ودیگر انتظامات کا جائزہ

اجلاس میں کمشنر کراچی، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، سیکریٹری ثقافت سندھ سمیت سی سی پی او کراچی و ٹریفک افسران کی شرکت

کراچی: آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے 5تا 8 دسمبر2024ءمیںمنعقد ہونے والی سترھویں عالمی اردو کانفرنس۔ جشن کراچی کے حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی سربراہی میں اہم اجلاس منعقد کیاگیا جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد نے سترھویں عالمی اردو کانفرنس کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ، سیکریٹری ثقافت ، کمشنر کراچی، میونسپل کمشنر، شہاب انصاری، ڈی جی پروٹوکول، سی سی پی او کراچی، ڈی آئی جی ٹریفک و دیگر موجود تھے۔ صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے 38 روزہ ورلڈ کلچر فیسٹیول کے کراچی کے کامیاب انعقاد پر چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور مبارکباد دی۔ انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت کا تعاون ہمیشہ سے ہمارے ساتھ رہا ہے اور امید ہے اس بار پہلے سے زیادہ بہتر انتظامات کیے جائیں گے۔ محمد احمد شاہ نے کہا کہ عالمی اردو کانفرنس میں امریکا، یورپ، جاپان اور مڈل ایسٹ سے لوگ شرکت کریں گے جب کہ انڈیا سے بھی بڑی تعداد میں لوگ کانفرنس میں شرکت کے خواہشمند ہیں، چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ نے ایڈیشنل آئی جی کراچی کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ عالمی اردو کانفرنس کے دوران سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں، ڈی آئی جی ٹریفک شہر میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں جبکہ میونسپل کمشنر ایئرپورٹ سے آرٹس کونسل کراچی آنے والے تمام راستوں کو خوبصورت بنائیں۔ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور کے ایم سی کے تعاون سے صفائی ستھرائی کے انتظامات کیے جائیں، آتشزدگی ، طبی امداد کے لیے ہسپتال تک رسائی یا کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ایمبولینس اور فائربریگیڈ کا بھی انتظامات کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ایئرپورٹ پر باقاعدہ ایک خصوصی ڈیسک قائم کررہے ہیں جو ایئرپورٹ پر آنے والے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہے گا۔ انہوں نے مزید کہاکہ شہر میں ورلڈ کلچر فیسٹیول اور آئیڈیاز کا پرامن انعقاد ہوا ہے، کراچی میں امن امان کی صورتحال بہتر ہونے سے عالمی سطح کی کانفرنس ہورہی ہے، صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ عالمی اردو کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لیے سندھ حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔