کراچی (سماج نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں اور خطے کی ترقی کے سفر کا آغاز سندھ کی سرزمین سے ہوگا۔ یہ بات انہوں نے ایران کے صدر محترم ابراہیم رئیسی کی آمد پر وزیراعلیٰ ہائوس میں شاندار اور پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ میرے لئے باعثِ فخر و افتخار ہے کہ آج میں بردار ملک کے صدر، پاکستان کے ایک دیرینہ دوست، ہمدرد اور محسن کا استقبال کر رہا ہوں، وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ میں ایران کے صدر محترم ابراہیم رئیسی کو سندھ کی عوام جانب سے خوش آمدید کہتا ہوں ، آپ اور آپ کے ہمراہ وفد کا سندھ کے دارالحکومت شہر کراچی میں خیر مقدم کرتا ہوں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، ہمارے مابین مذہبی، علمی، تہذیبی اور اقتصادی روابط استوار ہیں اور وقت کے ساتھ گہرے ہوتے جا رہے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران نے ایک دوسرے کا صدقِ دل و جاں سے ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری تنظیم پاکستان پیپلز پارٹی کے سربراہوں، شہید ذولفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ایران کے ساتھ تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ایران کو ہمیشہ ایک قابلِ بھروسہ اور ندیم دوست تصور کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاک ایران دوستی کی اہمیت و ضرورت کو اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی نظر میں خطے میں ترقی تب ہی ممکن ہے جب تمام ممالک مل کر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کریں۔ بلاول بھٹو زرداری نے بحیثیت وزیر خارجہ پاکستان اپنے ایران کے دورہ میں مل کر کام کرنے اور ہر سطح پر روابط کو بڑھانے پر زور دیا ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ایران آج تاریخ کے ایک اہم دور سے گزر رہے ہیں جہاں بھائی چارے، مل کے آگے بڑھنے اور ایک دوسرے کی اعانت کرنا ضروری ہے، ہمیں مختلف مسائل درپیش ہیں جس میں دہشتگردی ، غیر قانونی تجارت، موسمی تبدیلی اور اسکے منفی اثرات، فلسطین اور کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم سرِفہرست ہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر میں جاری مسلمانوں کی نسل کشی ایک لمحہ فکریہ ہے۔ پاکستان کی نظر میں فلسطین اور کشمیر کے مسائل کا پر امن حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مسلمانوں کو متحد ہو کر اس کڑے وقت میں اپنے فلسطینی بھائیوں کا ساتھ دینا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سخت اور اصولی موقف ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے اور فلسطینی عوام کو حق دیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کشمیری مظلوم عوام کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں حل ہونا ضروری ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم ایرانی قیادت کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ہمیشہ پاکستانی موقف کی تائید کی ہے۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ نہایت ضروری ہے کہ ہم دونوں ممالک کی عوام کے بیچ روابط کو بڑھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ سندھ ایران کے ساتھ تعلیمی، ثقافتی، سماجی اور اقتصادی روابط کو انتہای مقدم رکھتا ہے ۔ وزیراعلیٰ سندھ نےکہا کہ ہماری یہ کوشش ہے کہ تجارت اور سرمایہ کاری کے لئے ایک سازگار ماحول پیدا کرسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں آپ کے توسط سے ایران میں موجود اپنے بھائیوں اور بہنوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں ، سندھ میں سرمایہ کاری کے نادر مواقع موجود ہیں اور یہاں سرمایہ کاری کے لئے محفوظ اور پرکشش مقام ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پر امید ہوں کہ نہ صرف پاکستان بلکہ اس خطے کی ترقی کے سفر کا آغاز سندھ کی سرزمین سے ہوگا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی فارسی میں الفاظ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’’جناب رئیس عزیز ، قلب و ذهن پاکستانی ها همیشه به روی شما باز خواهد بود ۔‘‘یعنی محترم جناب صدر، پاکستانیوں کے دل و دماغ آپکے لیے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔
قبل ازیں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر محترم ابراہیم رئیسی کی وزیراعلیٰ ہاؤس آمد پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری، صوبائی وزراء، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، سید سردار شاہ، سعید غنی، جام خان شورو اور دیگر نے شاندار استقبال کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر محترم ابراہیم رئیسی کے سندھ کے دارالحکومت کراچی آمد پر شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ایران کے صدر محترم ابراہیم رئیسی کی آمد ہمارے لیئے باعث عزت ہے۔ ایران کے صدر کا دورہ ہمارے درمیان باہمی اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا ضامن ہے۔ ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی طرف سے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔
بعد ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے ایران کے صدر محترم ابراہیم رئیسی کی شان میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں تقریباً 900 سے زائد معزز شخصیات نے شرکت کی۔ قریب میں صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس، صوبائی سیکریٹریز، صوبہ کے تعلیمدان، مختلف شعبہ جات کے ماہرین، ممتاز صنعتکار اور سول سوسائٹی کے لوگ شامل تھے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس کے صحن میں منعقدہ تقریب سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر محترم ابراہیم رئیسی نے تاریخی خطاب کیا۔
پاکستان اور ایران کے تعلقات صدیوں پر محیط ہیں، مراد علی شاہ
