• جمعرات. جنوری 15th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

وزیرِاعلیٰ سندھ کا جدید TRACS نظام کا افتتاح, ٹریفک نظم و ضبط کے نئے دور کا آغاز

Bysamaj.com.pk

اکتوبر 27, 2025

محفوظ سفر، شفاف نظام — سندھ کی پہچان TRACS

کراچی (27 اکتوبر) — وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سینٹرل پولیس آفس میں جدید ٹریفک ریگولیشن اینڈ سائیٹیشن سسٹم (TRACS) کا افتتاح کر دیا، جو صوبے میں ڈیجیٹل گورننس اور ٹریفک نظم و ضبط کے نئے دور کا آغاز ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعلیٰ سندھ نے کہا کہ TRACS صرف ایک ٹیکنالوجی اپ گریڈ نہیں بلکہ شفافیت اور جدید عوامی خدمت کا عزم ہے۔

یہ نیا اے آئی سے چلنے والا ای چالان سسٹم پرانے دستی نظام کی جگہ لے گا، جو جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے اوور اسپیدنگ، سگنل توڑنے اور ہیلمٹ نہ پہننے جیسے قوانین کی خلاف ورزیوں کا خودکار اندراج کرے گا۔ اس نظام سے انسانی مداخلت ختم ہو جائے گی اور شفاف و منصفانہ کارروائی ممکن ہوگی۔

TRACS کو محکمہ ایکسائز، نادرا، ڈرائیونگ لائسنس سسٹم اور آن لائن پیمنٹ گیٹ ویز سے منسلک کر دیا گیا ہے، جس کے ذریعے شہری موبائل ایپ یا ویب سائٹ سے اپنے چالان دیکھ اور ادا کر سکیں گے۔ عوامی سہولت کے لیے سہولت سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں جرمانوں کی ادائیگی اور اعتراضات درج کرائے جا سکیں گے۔

پہلے مرحلے میں 200 کیمرے کراچی میں فعال کر دیے گئے ہیں، جنہیں جلد 12 ہزار تک بڑھایا جائے گا اور بعد ازاں یہ نظام پورے سندھ میں نافذ کیا جائے گا۔

وزیرِاعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اگست 2024 سے اکتوبر 2025 کے دوران 684 افراد ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہوئے، اور یہ نیا نظام ٹریفک نظم و ضبط میں نمایاں بہتری لائے گا۔

انہوں نے کہا، “اگر کسی قوم کی تہذیب دیکھنی ہو تو اس کے ٹریفک نظم کو دیکھیں۔”

TRACS، سندھ پولیس کے پہلے سے جاری ڈیجیٹل اقدامات جیسے S4 سسٹم، تلاش ایپ اور OTELI ایپ کا تسلسل ہے۔

وزیرِاعلیٰ نے کہا، “میں سندھ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ TRACS محفوظ، شفاف اور جدید طرزِ حکمرانی کی نئی مثال ہے۔”

تقریب میں صوبائی وزراء، آئی جی پولیس غلام نبی میمن، اعلیٰ پولیس افسران اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔