• منگل. جون 17th, 2025

سماج

samaj.com.pk

محتسب سندھ، انصاف کی ضمانت

Bysamaj.com.pk

نومبر 29, 2024
شبیر علی بابر

اللہ تعالی قرآن میں لاتعداد مرتبہ لوگوں کے ساتھ بھلائی و انصاف کرنے کا حکم دیتا ہے اور حضور اکرم کی سیرت طیبہ بھی ہمیں لوگوں کے ساتھ انصاف و بھلائی کرنے کا درس دیتی ہے۔ یوں تو انصاف پر مبنی معاشرے کے قیام سے متعلق لاتعداد اقوال موجود ہیں تاہم خلیفہ چہارم حضرت علی کرم اللہ وجہہ سے منسوب یہ قول بھی معتبر ترین ہے کے کفر پر قائم معاشرہ قائم رہ سکتا ہے لیکن ظلم و ناانصافی پر مبنی معاشرہ تباہی کا سبب بنتا ہے۔

خلیفہ دوم حضرت عمر بن خطاب کے دور خلافت میں رائج ہونے والا احتساب کا عمل اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ ناانصافی و ظلم یا بلاوجہ انصاف میں تعطل کا نہ کوئی مسلک ہوتا ہے نہ ہی مذہب ہوتا ہے اور اسی بات کو محسوس کرتے ہوئے حضرت عمر نے اس دور میں محتسب نامزد کرکے باقاعدہ احتساب کے ادارے کی بنیاد رکھی اور آپکے اس عمل کی تقلید پھر فی زمانہ کئی ممالک کرتے چلے گئے اور لوگوں کو انصاف کی بہتر فراہمی ہونے لگی۔

    محتسب و احتساب کے بارے میں پہلے ہی لوگ آگاہ ہیں لہذا اس کی تفصیل میں جائے بغیر براہ راست ذکر کرتے ہیں پاکستان میں قائم محتسب کے ادارے کا جس کی شق اس وقت کے وزیر اعظم قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے زیر نگرانی متفقہ منظور شدہ 1973 کے آئین میں موجود تھی تاہم اس کا باقاعدہ قیام 1983 کو خصوصی آرڈیننس کے بعد مجلس شوری کی توثیق سے ہوا جبکہ سندھ وہ پہلا صوبہ تھا کہ جس میں صوبائی محتسب کا قیام 1991 کو عمل میں آیا اور آج سندھ میں صوبائی محتسب کے 19 ضلعی دفاتر موجود ہیں۔

    صوبائی محتسب ایک خودمختار ادارہ ہے جس کے قیام کا بنیادی مقصد حکومتی اہلکاروں کی بدانتظامی پر مبنی احکامات اور تعطل کے خلاف شہریوں کو بلا معاوضہ فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے جبکہ انتہائی اہم نوعیت کے بدانتظامی کے معاملات پر صوبائی محتسب کی جانب سے از خود یعنی سوموٹو نوٹس بھی لیا جاسکتا ہے یہاں تک کہ وہ حکومت کو انتظامی امور کی درستگی کے لیے اپنی سفارشات بھی پیش کرسکتا ہے۔

    یہاں قابل زکر و حوصلہ افزاء بات یہ ہے کہ عوام کو اس محکمے کے بارے میں قلیل آگہی کے باوجود محتسب دفتر میں مختلف محکموں کے خلاف درج شکایات میں حل شدہ درخواستوں کا تناسب تقریبا 60 فیصد ہے۔     ذکر کرتے ہیں محتسب دفتر میں کسی بھی شکایت کے اندراج کے طریقۂ کار کے بارے کہ کسی سرکاری محکمے کی بدانتظامی سے متعلق کس طرح کی شکایت کیسے محتسب سندھ کے دفتر میں درج کروائی جاسکتی ہے۔

   شہری حکومت سندھ کے کسی بھی محکمے میں بدانتظامی سے متعلق اپنی جائز شکایات بلامعاوضہ اپنے مکمل کوائف کے ساتھ سندھی، اردو یا انگریزی زبان میں سندھ سیکریٹیریٹ کراچی میں قائم صوبائی محتسب کے دفتر یا ضلع شرقی، جنوبی، وسطی، کورنگی، کیماڑی یا اندرون سندھ میں حیدرآباد، ٹھٹھہ، بدین، سانگھڑ، میرپور خاص، مٹھی، شہید بینظیر آباد، دادو، نوشہرو فیروز، خیرپور میرس، جیکب آباد، لاڑکانہ، گھوٹکی یا سکھر دفتر میں تحریری شکایت دے سکتے ہیں یا ویب سائیٹ http://www.mohtasibsindh.gov.pk اندراج کرسکتے ہیں یا ای میل ایڈریس mohtasibhd@yahoo.com پر بھی ارسال کرسکتے یا فون نمبرز 02199211031، 02199211025، 02199211028 یا براہ راست صوبائی محتسب کے فون نمبر 02199211026 پر بھی درج کرواسکتے ہیں۔

 تاہم وفاقی محتسب سندھ، ٹیکس محتسب، بینکنگ محتسب، انشورنس محتسب، زیر التواء یا فیصلہ شدہ عدالتی مقدمات سے متعلق شکایات یا ایسی شکایات جو پہلے سے منظور ہوکر کاروائی سے گزر چکی ہو یا ایسی بدانتظامی جس کو ہوئے تین ماہ کا عرصہ گزر چکا ہو قابل قبول نہیں ہوتیں البتہ خصوصی حالات کے پیش نظر صوبائی محتسب زائد المعیاد شکایت کی منظوری دے سکتا ہے۔ عوام کی معلومات میں اضافے کے لیے یہ بھی جاننا ضروری ہے کہ صوبائی محتسب سندھ میں یونیسیف (UNICEF) کے تعاون سے بچوں سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے چلڈرنز کمپلینٹ آفس (سی سی او) بھی قائم کیا گیا تھا جس نے آغاز میں اقوام متحدہ کے کنونشن کے قوانین کے مطابق سندھ کے تمام سرکاری دفاتر، اداروں بشمول پولیس، جیل، تعلیمی اداروں، یتیم خانوں، ریمانڈ ہومز اور اسپتالوں میں 18 سال تک کی عمر کے بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف بلاتفریق رنگ و نسل و مذہب انھیں بلامعاوضہ انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کیا اور اب براہ راست صوبائی محتسب سندھ کے زیر نگرانی اپنے قوانین کے تحت کامیابی سے جاری ہے۔

   عوام کے اطمینان و اعتبار کے لیے یہ بات بھی قابل زکر ہے کہ محتسب سندھ کے فیصلوں پر عملدرآمد صوبائی محکموں پر لازم ہے جبکہ اگر درخواست دہندہ چاہے تو محتسب دفتر سے عدم اطمینان کی صورت میں اپنی شکایت کو متعلقہ عدالت میں بھی لے جاسکتا ہے یا محتسب کے فیصلے سے غیر مطمئن ہونے کی صورت میں فیصلے کے برخلاف 30 یوم میں گورنر سندھ کو بھی اپنی گذارشات بھیج سکتا ہے جہاں گورنر سندھ اپنی صوابدید پر فیصلہ دے سکتا ہے۔

   صوبائی محتسب سندھ کے ذیلی محتسب دفاتر کے تحت عوام کے سرکاری محکموں سے متعلق شکایات کے فوری حل اور آگاہی کے لیے کھلی کچہریاں بھی منعقد کی جاتی ہیں۔ صوبائی محتسب سندھ عوام کی محکمے تک باآسانی رسائی کے لیے بہت جلد موبائل ایپلیکشن سہولت کا بھی آغاز کررہا ہے جو شہری پلے اسٹور کے ذریعے اپنے موبائل فونز میں ڈاؤن لوڈ کرسکیں گے۔    صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت کا کہنا ہے کہ ہمارا مقصد و ذمہ داری بالخصوص حکومت سندھ کے کسی بھی محکمے/ایجنسی کی بدانتظامی سے پریشان شہریوں کی شکایات کو پراثر اور شفاف طریقے سے حل کرنا ہے اور معروضی اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کے ذریعے عوامی انتظامیہ کو بہتر بنانا ہے۔