• منگل. جون 17th, 2025

سماج

samaj.com.pk

عالمی منڈی میں سندھ کے جھینگے کو منفرد مقام حاصل ہے، محمد علی ملکانی

Bysamaj.com.pk

نومبر 29, 2024

کراچی (سماج) صوبائی وزیر برائے لائیو اسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی کی زیرِ صدارت آج فش ایکسپورٹرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکریٹری لائیو اسٹاک اینڈ فشریز ڈاکٹر کاظم حسین جتوئی، ڈی جی میرین فشریز ڈاکٹر علی محمد مستوئی، ڈی جی ان لینڈ فشریز ڈاکٹر ذوالفقار علی لاڑک، ایم ڈی فش ہاربر اتھارٹی، اور دیگر متعلقہ افسران کے ساتھ ساتھ ممتاز فش ایکسپورٹرز فیصل افتخار اور ارشد عزیز نے شرکت کی۔ اجلاس میں سندھ کی جھینگے اور مچھلی کی برآمدات کے فروغ اور موجودہ چیلنجز پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

وزیرِ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز نے فش ایکسپورٹرز کی جانب سے جھینگے اور مچھلی کی برآمدات میں درپیش مسائل پر فوری کارروائی کا وعدہ کیا۔ انہوں نے سیکریٹری لائیو اسٹاک کو ہدایت دی کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کا اجلاس بلا کر 15 دن کے اندر رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ وفاقی وزیر برائے پورٹس اینڈ شپنگ سے رابطہ کرکے مسائل کے حل میں پیش رفت کریں گے۔ وزیر نے کہا کہ "جھینگے اور مچھلی کی ایکسپورٹ کے لیے تمام اداروں کی ذمہ داریاں واضح ہیں اور سندھ حکومت اس صنعت کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔”

سندھ کے قدرتی وسائل کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر محمد علی ملکانی نے کہا کہ "پاکستان کی جھینگے کی برآمدات میں سندھ کا حصہ نمایاں ہے، اور عالمی منڈی میں سندھ کے جھینگے کو منفرد مقام حاصل ہے۔” انہوں نے جھینگے کی سیڈنگ اور فارمنگ کے مواقع بڑھانے پر زور دیا اور کہا کہ سندھ حکومت نے نجی شعبے کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ میں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ "جھینگے اور مچھلی کی برآمدات کوالٹی کو بہتر کرنے کے لیے محکمہ لائیو اسٹاک اینڈ فشریز نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرے گا تاکہ بین الاقوامی معیارات پر پورا اترا جا سکے۔”

برآمدات کے موجودہ مسائل کے حل پر بات کرتے ہوئے، وزیر نے نشاندہی کی کہ برآمدی پراسیس میں حائل رکاوٹیں، جدید ٹیکنالوجی کی کمی، اور کوالٹی کنٹرول کے مسائل سب سے بڑی چیلنجز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کا حل بین الاقوامی معیار کے مطابق فارمنگ اور پراسیسنگ یونٹس کا قیام، ایکسپورٹرز کی تربیت، اور وفاقی سطح پر پالیسی اقدامات کے ذریعے ممکن ہے۔ وزیر نے فش ایکسپورٹرز کو یقین دلایا کہ سندھ حکومت ان کے ساتھ کھڑی ہے اور برآمدات کے فروغ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔