• پیر. مارچ 2nd, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

ملک میں سیاسی استحکام اور انصاف کی بالادستی ناگزیر ہے، منصور احمد شیخ

Bysamaj.com.pk

اکتوبر 20, 2025

کراچی (سماج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کراچی ڈویژن کے سینئر نائب صدر اور چیئرمین صدر ٹاؤن منصور احمد شیخ نے اپنے ایک اہم بیان میں کہا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی بحران کو ختم کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ سیاسی عدم استحکام نے معیشت کو شدید نقصان پہنچایا ہے، اب مزید صورتحال خراب ہونے کے بجائے درست کرنے کی ضرورت ہے۔

منصور احمد شیخ نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان دو سال سے زائد عرصے سے ناحق قید میں ہیں، جنہیں فی الفور رہا کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت جمہور کے ووٹ سے بنتی ہے، عوامی رائے کا احترام کیے بغیر ملک میں حقیقی جمہوریت ممکن نہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت ہے جسے عوامی حمایت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی گرتی ہوئی معیشت کو سنبھالنے کے لیے سیاسی استحکام لانا ہوگا اور اس کے لیے آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی حکمرانی ناگزیر ہے۔

منصور احمد شیخ نے مزید کہا کہ انصاف کی فراہمی کے لیے آزاد عدلیہ اور آزاد میڈیا بنیادی ستون ہیں۔ جب تک ان دونوں اداروں کو مکمل آزادی حاصل نہیں ہوگی، ملک ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا۔