قیدیوں کی فلاح و بہبود اور جیل انتظامات کا تفصیلی جائزہ
کراچی (سماج نیوز) صوبائی وزیر برائے ورکس اینڈ سروسز و جیل خانہ جات سندھ علی حسن زرداری نے اچانک سینٹرل جیل کراچی کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران صوبائی وزیر نے ڈیوٹی پر موجود جیل پولیس اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان سے ڈیوٹی کے حوالے سے تفصیلات معلوم کیں۔
علی حسن زرداری نے جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا اور قیدیوں کے ہسپتال کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے زیرِ علاج قیدیوں کی عیادت کی۔
وزیر جیل خانہ جات نے قیدیوں سے ملاقات کے لیے آنے والے ورثا اور شہریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔
انہوں نے جیل کے کچن کا معائنہ کیا، صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا اور قیدیوں کے لیے تیار کیے جانے والے کھانے کو خود چکھا۔
علی حسن زرداری نے ویڈیو لنک آن لائن سسٹم روم اور ہنر مند قیدیوں کے ورک ایریاز کا بھی دورہ کیا، قیدیوں کے ہاتھ سے تیار کی گئی اشیاء دیکھیں اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
انہوں نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہنر مند قیدیوں کا خاص خیال رکھا جائے اور ان کے کام کی حوصلہ افزائی کی جائے۔
صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے کہا کہ:
“سندھ حکومت صوبے کی تمام جیلوں کو اصلاح گھر بنانا چاہتی ہے۔ قیدیوں کے ساتھ اچھے سلوک، ان کے کھانے پینے اور علاج و معالجے کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔”