• منگل. جون 17th, 2025

سماج

samaj.com.pk

علی حسن زرداری کا سندھ سیکرٹریٹ کا اچانک دورہ

Bysamaj.com.pk

اپریل 8, 2025

کراچی (سماج رپورٹ) صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات اور ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری نے آج سیکرٹریٹ میں سیکرٹری آفس کا اچانک دورہ کیا۔ اس دورے کا مقصد ملازمین کی حاضری اور دفتر میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لینا تھا۔

دورے کے دوران صوبائی وزیر نے تمام افسران و عملے کو پابندی وقت کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا کہ غفلت یا لاپروائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری امور کی انجام دہی میں وقت کی پابندی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

صفائی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے علی حسن زرداری نے کہا کہ دفاتر کا صاف ستھرا ماحول نہ صرف ملازمین کی صحت و کارکردگی کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ مجموعی کام کے معیار کو بھی بہتر بناتا ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے نظام کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے، تاکہ ایک خوشگوار اور پیشہ ورانہ ماحول قائم کیا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے موقع پر موجود عملے سے ملاقات بھی کی، ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔

اپنے دورے کے اختتام پر علی حسن زرداری نے اعلان کیا کہ وہ آئندہ بھی اس نوعیت کے سرپرائز وزٹس جاری رکھیں گے تاکہ سرکاری دفاتر میں نظم و ضبط، شفافیت اور عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔