پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سینیٹر تاج حیدر انتقال کر گئے، تین روزہ سوگ کا اعلان
کراچی (نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری جنرل، بزرگ سیاستدان، دانشور اور نظریاتی رہنما سینیٹر تاج حیدر مختصر علالت کے بعد 83 برس کی عمر میں منگل کی شب کراچی میں انتقال کر گئے۔ مرحوم کچھ دنوں سے مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے۔
سینیٹر تاج حیدر کی نمازِ جنازہ آج بدھ، 9 اپریل کو بعد نمازِ ظہرین، مسجد و امام بارگاہ یثرب، فیز 4 ڈیفنس سوسائٹی کراچی میں ادا کی گئی، جس کے بعد ان کی تدفین حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں کی گئی۔ ان کے جسد خاکی کو وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خود منتقل کیا۔
پیپلز پارٹی کی قیادت نے ان کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کی تمام سیاسی سرگرمیاں تین روز کے لیے معطل کر دی ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے۔
ملکی قیادت اور سیاسی حلقوں کا اظہارِ تعزیت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ "تاج حیدر پارٹی کا ایک نظریاتی ستون اور عظیم اثاثہ تھے، جن کی وفات سے ملک ایک مدبر اور اصول پسند سیاستدان سے محروم ہو گیا ہے۔”
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ "سینیٹر تاج حیدر کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں، ان کی وفات پاکستان کی سیاست کا بڑا نقصان ہے۔”
مرحوم سینیٹر تاج حیدر کے انتقال پر ملک کی سیاسی و سماجی شخصیات نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ تعزیت کرنے والوں میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، سینیٹر شیری رحمان، سید خورشید احمد شاہ، نثار کھوڑو، وقار مہدی، شرجیل انعام میمن، سعید غنی، ناصر حسین شاہ، سردار علی شاہ، علی حسن زرداری، ذوالفقار علی شاہ، جام خان شورو، سردار محمد بخش مہر، منظور حسین وسان، اسماعیل راہو، شاہد تھہیم، ہیر سوہو، کلثوم چانڈیو، عبدالجبار خان، امتیاز شیخ، لعل چند اکرانی، جنید بلند، جام اکرام اللہ دھاریجو، عادل الطاف انڑ، اور سسئی پلیجو شامل ہیں۔ تمام رہنماؤں نے تاج حیدر کی سیاسی بصیرت، جمہوری جدوجہد، اور نظریاتی وابستگی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وفات سے ملک ایک مخلص، باشعور اور باوقار رہنما سے محروم ہو گیا ہے، جس کا خلا طویل عرصے تک محسوس کیا جاتا رہے گا۔
