اسلام آباد (سماج رپورٹ) قومی اسمبلی کے حلقہ (این اے 196) قمبر-شہدادکوٹ سے منتخب رکنِ قومی اسمبلی خورشید احمد جونیجو نے بروز بدھ 12 فروری 2025ء کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں سندھ کے عوام کے حق میں سخت مؤقف اختیار کرتے ہوئے سندھو دریا پر چھ (6) نئی کینالز کی تعمیر کی شدید مذمت کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی ضلع لاڑکانو کے صدر خورشید احمد جونیجو نے ایوان میں خطاب کے دوران کہا کہ سندھ کے عوام پہلے ہی پانی کی قلت کا شکار ہیں اور مزید کینالز کی تعمیر سے صوبے کے زراعت اور پانی کے وسائل پر سنگین اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوں نے اس اقدام کو سندھ کے حقوق پر ڈاکہ قرار دیتے ہوئے وفاقی حکومت سے فوری وضاحت اور اس منصوبے کو روکنے کا مطالبہ کیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ سندھ کے حقوق کے لیے آواز بلند کی ہے اور مستقبل میں بھی کسی بھی غیرمنصفانہ اقدام کے خلاف جدوجہد جاری رکھے گی۔ اس موقع پر دیگر ارکانِ اسمبلی نے بھی خورشید احمد جونیجو کے مؤقف کی حمایت کی اور سندھ کے پانی کے حقوق پر کسی بھی قسم کی زیادتی کے خلاف سخت ردِ عمل دینے کا عندیہ دیا۔
مزید اپڈیٹس کے لیے ہماری ویب سائٹ سماج میڈیا گروپ کے ساتھ جڑے رہیں۔