لزبن: صدر مملکت آصف علی زرداری نے پرتگال کے صدر مارسیلو ریبیلو ڈی سوسا سے صدارتی محل میں ملاقات کی، جہاں پرتگالی صدر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور مختلف شعبوں میں شراکت داری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان، پرتگال کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار دوطرفہ تعلقات قائم ہیں۔
صدر مملکت نے پرتگالی صدر کو دورۂ پاکستان کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دورے سے دونوں ممالک کے درمیان دوستی کا بندھن مزید مضبوط ہوگا اور تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔
دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔ اس موقع پر صدر زرداری نے اس بات کا ذکر کیا کہ سال 2025 میں پاکستان اور پرتگال کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں، جو دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات کا ثبوت ہے۔