صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی روڈ چیکنگ مہم جاری
یکم جنوری سے اب تک روڈ چیکنگ مہم کے دوران صوبے بھر سے جرمانے سمیت 18.909 ملین روپے موٹر وہیکل ٹیکس وصول، 29923 گاڑیاں چیک کی گئیں
ترجمان محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن نے یکم جنوری 2025 سے اب تک کی روڈ چیکنگ مہم کی تفصیلات جاری کردیں
کراچی (سماج رپورٹ) صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کی ہدایت پر محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی روڈ چیکنگ مہم صوبے بھر میں جاری ہے۔ ترجمان محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن نے یکم جنوری 2025 سے اب تک کی روڈ چیکنگ مہم کی تفصیلات جاری کردیں۔ تفصیلات کے مطابق یکم جنوری سے اب تک روڈ چیکنگ مہم کے دوران مجموعی طور پر صوبے بھر میں 29923 گاڑیاں چیک کی گئیں، جن سے جرمانے سمیت 18.909 ملین روپے موٹر وہیکل ٹیکس وصول کیا گیا۔ اعداد و شمار کے مطابق میرپورخاص ڈویژن میں 5970 گاڑیاں چیک کی گئیں اور 5.571 ملین روپے موٹروہیکل ٹیکس وصول کیا گیا، حیدرآباد ڈویژن میں 8620 گاڑیاں چیک کیں اور 3.947 ملین روپے موٹر وہیکل ٹیکس وصول کیا، لاڑکانہ ڈویژن میں 2607 گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران 2.259 ملین روپے موٹروہیکل ٹیکس وصول کیا گیا۔ سکھر ڈویژن میں 4314 گاڑیاں چیک اور 2.528 ملین روپے موٹر وہیکل ٹیکس وصول کیا گیا۔ شہید بینظیرآباد ڈویژن میں 3052 گاڑیاں چیک اور 1.985 ملین روپے موٹروہیکل ٹیکس وصول کیا گیا جبکہ کراچی ڈویژن میں 5360 گاڑیوں کی چیکنگ کے دوران 1.092 ملین روپے سے زائد موٹر وہیکل ٹیکس وصول کیا گیا۔