• منگل. جون 17th, 2025

سماج

samaj.com.pk

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے نئے اسسٹنٹ کمشنرز کی ملاقات

Bysamaj.com.pk

جنوری 22, 2025

کراچی: (سماج رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے 11 نئے فنڈر ٹریننگ اسسٹنٹ کمشنرز نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ان نئے اسسٹنٹ کمشنرز کا تعلق پنجاب سے ہے اور وہ سندھ کے مختلف اضلاع میں زیر تربیت پوسٹنگ پر تعینات ہیں۔ یہ بات وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتائی گئی۔

ملاقات میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، سیکریٹری ٹو وزیراعلیٰ رحیم شیخ، سیکریٹری سروسز غلام علی برہمانی، اور ایڈیشنل سیکریٹری سروسز آغا شیر زمان بھی موجود تھے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ان نئے افسران کو سندھ میں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ یہ تربیتی پوسٹنگ آپ کی ابتدائی ترقی کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے اسسٹنٹ کمشنرز کو تاکید کی کہ وہ اپنی تربیت کے دوران عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ "ہمارے ملک کو بہترین سرکاری مشینری کی ضرورت ہے اور مجھے امید ہے کہ آپ کی شمولیت سول سروس میں ایک بہترین اضافہ ثابت ہوگی۔”

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ یہ دور مہارت کا ہے اور اب سول سروس میں بھی مہارت کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے نئے اسسٹنٹ کمشنرز کے کیریئر، مستقبل اور ان کے مقاصد پر کھل کر بات چیت کی اور ان کے سوالات کے جوابات دیے۔

ملاقات خوشگوار ماحول میں انجام پائی، جس میں افسران نے وزیراعلیٰ سندھ سے اپنی توقعات اور تجربات شیئر کیے۔