• منگل. جون 17th, 2025

سماج

samaj.com.pk

سمندر تیزی سے ہزاروں ایکڑ کو نگل چکا ہے، ہم سندھ کی ترقی چاہتے ہیں، احسن اقبال

Bysamaj.com.pk

دسمبر 4, 2024

پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں، احسن اقبال

عوام نے دھرنے کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا ہے، وفاقی وزیر

ٹھٹو: (رپورٹ: اکبر حسن مرزا) وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال کا کوسٹل ہائی وے منصوبے کا معائنہ یہ منصوبہ سندھ حکومت نے شروع کیا اور 37 کلو میٹر وفاقی حکومت کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ احسن اقبال نے گاڑھو کے پاس کوسٹل ہائی وے منصوبے کا معائنہ کیا اس موقع پر سندھ کے وزراء اور ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ معائنے کے بعد وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کوسٹل ہائی وے منصوبے کا معائنہ کرنے ٹھٹو آیا ہوں۔ یہ منصوبہ سندھ حکومت نے شروع کیا ہے اور وفاقی حکومت 37 کلو میٹر سڑک کی تعمیر میں تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی ترقی کے لیے خاص طور پر ساحلی علاقوں کی ترقی کے لیے وفاقی اور سندھ حکومت مل کر کام کر رہی ہیں۔ سمندر تیزی سے ہزاروں ایکڑ کو نگل چکا ہے یہ منصوبہ زمینیں سمندر برد ہونے سے بچانے میں اہم ثابت ہوگا۔ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ پسماندگان علاقوں کو ترقی دلوائیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی میثاق جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں۔ پیپلزپارٹی اور نواز لیگ ایک دوسرے کے حریف ہوسکتے ہیں، تاہم ملکی سالمیت کے لئے حلیف ہیں، 2018 سے پہلے ہم ایک دوسرے کے حریف تھے لیکن پاکستان پر جب مشکل وقت آیا تو ایک دوسرے کا ساتھ دیا، 2023 میں بھی الیکشن الگ لڑی لیکن پاکستان کو مستحکم کرنے کے لیے ہم پھر ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ اتحادی حکومت کی وجہ سے پاکستان ریڈ زون سے نکل کر گرین زون میں آچکا ہے، اب ہم کسی کو ریڈ زون میں لے جانے کی اجازت نہیں دینگے، اس وقت ملکی معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے 24 نومبر سے عوام نے دھرنے کی سیاست کو ہمیشہ کے لیے دفن کردیا۔