کراچی (2 دسمبر 2024) پی آئی ڈی سی کے قریب درختوں کی کٹائی کا مقدمہ درج کر دیا گیا۔ چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ کی ہدایت پر ملوث افراد کے خلاف تھانہ سول لائین میں ایف آئی آر درج کی گئی۔ چیف سیکریٹری سندھ کا کے ایم سی کو ملازمین کے خلاف تادیبی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کو 24 گھنٹوں میں انکوائری رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت دیدی۔ سندھ حکومت نے درختوں کی بحالی اور مستقبل میں کٹائی کی روک تھام کے اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ درختوں کی کٹائی ماحولیاتی توازن کے لیے خطرناک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کو سرسبز اور شاداب رکھا جائے اور درختوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔