• منگل. جون 17th, 2025

سماج

samaj.com.pk

عوامی شکایات کو بہتر انداز میں نمٹایا جائے، صوبائی محتسب سہیل راجپوت

Bysamaj.com.pk

نومبر 29, 2024

کراچی (سماج) صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے صوبائی محتسب کے افسران کو ہدایات دی ہیں کہ زیر التواء شکایات میں تفتیش کے دورانیے کو کم کرکے فوری نمٹایا جائے اور صوبائی محتسب سندھ کے دفاتر اور انکے طریقۂ کار سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے تمام طریقے اپنائے جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اپنے دفتر میں صوبائی محتسب کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر اجلاس میں سیکریٹری صوبائی محتسب سندھ منصور عباس رضوی، ڈی جی اسد علی شاہ، رجسٹرار مسعود عشرت و مشیران شریک تھے۔ قبل ازیں صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے اجلاس میں صوبائی ہیڈکوارٹر و ضلعی دفاتر میں موصول ہونے والی شکایات کا جائزہ لیا اور اجلاس کے شرکاء سے سرکاری محکموں کے خلاف عوامی شکایات کو مزید بہتر انداز میں نمٹانے کے لیے تجاویز طلب کیں۔ جس پر شرکاء نے اپنی آراء دیں کہ عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے متعلقہ سرکاری محکموں کے فوری تعاون اور محتسب افسران کی استعداد بڑھائی جائے اور کسی بھی کیس میں متعلقہ محکمہ کے جواب کے بعد اگر ضروری ہو تو درخواست کنندہ کو طلب کیا جانا چاہیے۔ شرکاء نے یہ بھی رائے دی کہ ایسے تعطل زدہ کیسز جن میں درخواست کنندہ رابطے کے باوجود صوبائی محتسب و ضلعی محتسب دفاتر سے رجوع نہیں کررہے ہیں انھیں خارج کردینا چاہیے۔ سیکریٹری محتسب سندھ منصور عباس رضوی نے اجلاس کو بتایا کہ سندھ سیکریٹیریٹ و دیگر عوامی مقامات پر صوبائی محتسب سندھ کے دفتر سے رجوع کرنے کے طریقۂ کار سے متعلق پینافلیکس آویزاں کیے گئے ہیں جس سے شکایات میں اضافہ ہورہا ہے۔ صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے افسران پر زور دیا کہ وہ صوبائی محتسب دفاتر سے متعلق عوامی آگاہی کے لیے تمام طریقے اپنائیں اور عوامی مقامات پر ہینڈ بلز، بینرز آویزاں کرنے سمیت جامعات میں سیمینار منعقد کریں۔ انھوں نے صوبائی محتسب سندھ اور ضلعی دفاتر میں زیر التواء شکایات میں تفتیش کے دورانیے کو کم کرکے فوری نمٹانے کی بھی ہدایت کی۔