کراچی (ہینڈ آؤٹ) اورنگی ٹاؤن کی رہائشی خاتون مسمات نجمہ آراء نے سب انسپکٹر سرجانی ٹاؤن پولیس اسٹیشن چوہدری افضل کے خلاف صوبائی محتسب سندھ کے دفتر میں درج شکایت میں الزام عائد کیا تھا کہ سب انسپکٹر چوہدری افضل کی ملی بھگت سے قبضہ مافیا نے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 4-B میں واقع انکے پلاٹ L-65 پر قبضہ کرلیا ہے جبکہ شکایت کے باوجود انکا مسئلہ حل نہیں ہورہا ہے۔ صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے درخواست دہندہ خاتون کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او سرجانی ٹاؤن کو طلب کرکے معاملے سے متعلق معلومات حاصل کیں اور معاملے کے فوری حل کی ہدایت دیں۔ جس کے بعد درخواست گزار کے پلاٹ کو واگزار کروالیا گیا۔ دوسری جانب گلبائی کراچی کے رہائشی محمد اقبال نینی کی سائیٹ ایریا میں انکے پلاٹ نمبر S-101 پر سیوریج کا پانی جمع رہنے کے خلاف درج شکایت بھی حل کردی گئی۔ درخواست دہندہ محمد اقبال نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ سیوریج نالے کی بندش کے باعث انکے پلاٹ پر مسلسل سیوریج کا پانی جمع ہورہا ہے جس سے انکی فیکٹری کی بنیادوں کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے جبکہ متعلقہ ادارہ انکے مسئلے کی کوئی شنوائی نہیں کررہا ہے۔ صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت کی ہدایت پر اسٹیٹ انجینئر (بی اینڈ آر) سندھ انڈسٹریل ٹریڈنگ اسٹیٹ نے سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی ٹیم کے ہمراہ متعلقہ جگہ کا معائنہ کیا قبضہ مافیا کی جانب سے آبی نالے پر قائم تجاوزات کا خاتمہ کرکے نالے کلئیر کردیا۔ گلشن روحی رفاہ عام کے رہائشی قمر زمان نے اپنی معاشی ابتر صورتحال کے پیش نظر میپل گرامر اسکول ملیر کے خلاف صوبائی محتسب سندھ میں درخواست جمع کروائی تھی کہ اسکا چھوٹا سا کاروبار ہے اور اہلیہ تھائرائڈ کینسر کی مریضہ ہے جس کے سبب اسکے معاشی حالات خراب ہیں لہذا اس نے محکمہ تعلیم کی جانب سے نجی اسکولوں میں زیر تعلیم غریب افراد کے بچوں کو اسکول فیس کی مد میں دس فیصد فری شپ اسکیم کی پالیسی کے تحت متعلقہ اسکول انتظامیہ سے رابطہ کیا تھا لیکن اسکول انتظامیہ اسکی درخواست مسترد کردی تھی جبکہ ڈائریکٹر رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشن سندھ میں جمع کروائی درخواست پر بھی کوئی کاروائی نہیں ہورہی ہے۔ صوبائی محتسب سندھ محمد سہیل راجپوت نے معاملے کی تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکمے کو مسئلے کے فوری حل کا حکم دیا تھا۔ بعد ازاں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف انسپیکشن اینڈ رجسٹریشن آف پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز سندھ نے دوران سماعت صوبائی محتسب سندھ کو آگاہ کیا کہ اسکول کی جانب سے درخواست دہندہ کے دونوں بچوں کو محکمہ تعلیم سندھ کی پالیسی کے تحت فل فری شپ فراہم کردی گئی لہذا درخواست دہندہ کا مسئلہ حل کردیا گیا ہے۔ سرکاری محکموں کے خلاف درج عوامی شکایات کے ازالے کے حل پر تمام سائلین نے صوبائی محتسب سندھ سے اظہار تشکر کیا ہے۔