کراچی (سماج میڈیا گروپ) سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کی جانب سے درسی کتب کی ترسیل کے سلسلے میں چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ عبدالعلیم علیم لاشاری کی زیر صدارت سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کے لانڈھی کراچی میں واقع ویئر ہائوس کے مقام پر تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں مختلف سماجی شخصیات اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ تقریب میں چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ علیم لاشاری کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی ہدایت پر کتب کی ترسیل کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 1970 میں سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ قیام میں آیا، جو سرکاری اسکولوں میں کتابیں پڑھائی جاتی ہیں ان کو ڈیولپ کرنا ان کو بلڈ اپ کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ کتب کا مسودہ تیار ہونے پر ان کو شایع اور ترسیل کی ذمہ داری ٹیکسٹ بک بورڈ کی ہے۔ سندھ میں ہمارے دو بڑے ویئر ہائوسز ہیں ایک گدام لانڈھی کراچی اور دوسرا گدام جامشورو میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیلینجز کے باوجود درسی کتب کی ترسیل کا ہر مرحلہ وقت پر پورا کرنے کی کوشش کی۔ ہماری ساری کتابیں شایع ہو گئی ہیں اور ان کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سال 4.4 ملین کتابیں چھپ گئی ہیں، یہ 4.4 ملین کتابوں کے سیٹس ہیں جو مختلف اسکولز کے بچوں کو دیے جارہے ہیں۔ عبدالعلیم لاشاری نے کہا کہ ہم نظام کو پیپر لیس کریں گے نویں جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک ٹیبلیٹ کے ذریعے پڑھانے کی تجاویز زیر غور ہیں۔ پیپر لیس طریقہ کار پر بھی کام ہو رہا ہے۔ چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بورڈ نے کہا کہ سندھ کے 30 اضلاع میں کتب تقسیم کی جاتی ہیں، پہلا مرحلہ 30 جولائی سے شروع ہوا، 15 اگست سے دوسرا مرحلہ شروع ہوگا۔ 138 تعلقوں میں سے 68 تعلقوں میں کتب تقسیم ہو چکی ہیں۔ کراچی ڈویژن کے کیامیاڑی ضلع میں آج درسی کتب تقسیم ہو جائیں گیں جبکہ باقی اضلاع میں پہلے ہی تقسیم کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ 4 کلر کتابیں بچوں کو دیں تا کہ ان کو پڑھنے میں اچھا لگے۔ کتب کی کمی نہیں ہے، جتنی انرولمنٹ ہے اتنی ہی کتابیں موجود ہیں۔ 15 اگست سے قبل سندھ بھر میں کتابیں تقسیم ہو جائیں گیں۔ اگر کوئی پبلشر مارکیٹ میں کتابیں ترسیل نہیں کر رہا اس کے خلاف ہم کارروائی کریں گے۔ ڈیڑھ لاکھ کتابیں فراہم نہ کرنے والی باتیں گمراھ کن ہیں، اسکول کھنے کے بعد سب قیاس آرایاں ختم ہوجائیں گی۔ ہم دو فیز میں کتابوں کی فراہمی کررہے ہیں۔ واضح رہے سندھ ٹیکسٹ بُک بورڈ کی جانب سے آج بروز جمعرات درسی کتب کے ترسیل کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا۔