دریا کی سطح بلند ہوتے ہی پانی کچے کی طرف بڑھنے لگا، سطح بڑھنے کا امکان
کراچی (7 اگست 2024ء) ملک میں جاری بارشوں کے بعد اب دریائے سندھ میں بھی پانی کی سطح تیزی سے بلند ہورہی ہے اور دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراجوں پر پانی کی سطح میں گذشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کئی ہزار کیوسک کا اضافہ ہوا ہے اور سندھ کے دونوں بڑے بیراجوں پر اس وقت نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے تاہم کوٹڑی بیراج پر پانی کی صورت حال نارمل ہے سکھر اور گڈو بیراجوں پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال کے باعث اب دریا کا پانی تیزی سے دونوں بیراجوں کے درمیان واقع کچے کے علاقے میں داخل ہونا شروع ہوگیا ہے۔ آبپاشی حکام کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 312384 اور اخراج 306222 کیوسک ہے۔ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 236600 اور اخراج 218050 کیوسک، کوٹڑی بیراج پر پانی کی آمد 124314 اور اخراج 87820 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آبپاشی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں کیونکہ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے تو دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراجوں کے مقام پر پانی کی سطح میں مزید اضافے کا امکان ہے اور اگر اسی طرح پانی کی آمد کا سلسلہ جاری رہا تو گڈو بیراج پر ایک سے دو روز میں نچلے درجے کا سیلاب درمیانے درجے کے سیلاب میں تبدیل ہوسکتا ہے۔