• بدھ. جون 18th, 2025

سماج

samaj.com.pk

رین ایمرجنسی، کسی قسم کی غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، محمد علی ملکانی

Bysamaj.com.pk

اگست 4, 2024

سجاول (سماج نیوز): فوکل پرسن رین ایمرجنسی صوبائی وزیر یونیورسٹیز اور بورڈز محمد علی ملکانی کی زیر صدارت ضلع سجاول میں ممکنہ بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کے متعلق دربار ہال سجاول میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایم پی ایز سید شاہ حسین شاہ شیرازی، ریحانہ لغاری، ہیر سوہو، ڈپٹی کمشنر زاہد حسین رند کے علاوہ پاک نیوی، محکمہ روینیو، آبپاشی، ڈرینیج، پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ، لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر فوکل پرسن رین ایمرجنسی صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ رین ایمرجنسی تک چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں اور بغیر اجازت ہیڈکوارٹر نہ چھوڑیں، اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ وہ بارشوں سے قبل ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کریں تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنہ کرنا نہ پڑے۔ انہوں نے محکمہ ڈرینیج اور پبلک ہیلتھ کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ڈرین نالوں کی بھل صفائی سمیت شہروں کے گٹر نالوں اور ڈسپوزلز کی صفائی ستھرائی اور تمام مشینری کو فعال رکھیں جبکہ نشیبی علاقوں اور اہم سڑکوں سے بارشی پانی کی نکاسی کیلئے مؤثر اقدامات کریں۔ انہوں نے انہیں مزید ہدایت کی کہ ڈرین نالو‍ں میں ماہیگیروں کی جانب سے لگائے گئے جال فوری طور پر ہٹائے جائیں۔ انہوں نے محکمہ صحت اور پی پی ایچ آئی کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ضلع کے تمام صحت مراکز میں سانپ کے ڈسنے اور کتے کے کاٹنے سمیت ملیریا، ڈائریا، گیسٹرو کی ویکسین اور دیگر تمام مطلوبہ ادویات، ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اور ایمبولینسس کی موجودگی کی یقین بنائیں تاکہ لوگوں کو بروقت رلیف مل سکے۔ صوبائی وزیر نے ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں سے قبل محکمہ تعلیم کے افسران سے مل کر رلیف کیمپوں کی نشاندہی کرکے وہاں پینے کی صاف پانی، واش رومز اور بجلی کی فراہمی کیلئے جنریٹرز سمیت دیگر مطلوبہ سہولیات کو موجودگی کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کریں تاکہ ممکنہ متاثرین کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے محکمہ لائیواسٹاک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ بارشوں کے دوران ضلع بھر باالخصوص بندوں پر نقل مکانی کرکے آنے والے مویشیوں کو مختلف وبائی امراض سے بچانے کیلئے ویکسینیشن کے انتظامات مکمل کریں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ ڈی واٹرنگ مشینوں سمیت دیگر مطلوبہ ضروریات کی فہرست جلد پیش کریں تاکہ پی ڈی ایم اے سے طلب کی جا سکیں۔ اس موقع پر پاک نیوی کے افسران نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مطلوبہ آلات سمیت تمام مشینری موجود ہے، ممکنہ متاثرین کو ریسکیو اور میڈیکل سہولیات کی فراہمی کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ فوکل پرسن رین ایمرجنسی صوبائی وزیر یونیورسٹیز اور بورڈز محمد علی ملکانی نے کہا کہ حکومت سندھ ممکنہ بارشوں اور سیلاب کی صورتحال میں متاثرین اور عوام کو مشکل کی گھڑی میں ہر گز تنہا نہیں چھوڑے گی، ان کی ہر ممکن مدد کو یقینی بنایا جائے گا۔