• بدھ. جون 18th, 2025

سماج

samaj.com.pk

نصابی کتب 14 اگست تک تقسیم کریں اور تعلیمی سرگرمیوں کا معیار بلند کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

Bysamaj.com.pk

اگست 1, 2024

کراچی (یکم اگست 2024ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر تعلیم سید سردار شاہ، ایم پی اے سیما خرم، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ، سیکریٹری تعلیم زاہد عباسی، سیکریٹری کالجز آصف اکرام، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، چیئرمین ٹیکسٹ بک بورڈ علیم لاشاری، ایم ڈی سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ تعلیمی ادارے کھلنے والے ہیں، تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر کر کے معیار بلند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام منتخب اور سول سوسائٹی کے لوگوں کو تعلیمی اداروں کو اون کرنا ہوگا اور ہر سطح پر بچوں کو تعلیم دینے کا معیار بہتر ہو۔ وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ تعلیمی معیار کو بہتر کرنے کیلئے انسپیکشن نظام نافذ کیا جائے گا، میں خود بھی انسپیکشن کرونگا اور سیکریٹری سطح پر بھی انسپیکشن کی جائے گی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ سندھ میں کل 40991 اسکول ہیں، جن میں 36203 پرائمری، 1575 مڈل، 1051 ایلیمینٹری، 1670 سیکنڈری اور 492 ہائر سیکنڈری اسکولز ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ کی تعداد 160473 ہے، جن میں 107422 میل اور 53051 فیمیل ہیں اور ہمارے سرکاری اسکولوں میں کل 5236307 بچے داخل ہیں، جن میں 3081696 بوائز اور 2154611 گرلز ہیں، اس طرح اساتذہ اور طالب علم کا تناسب نکالا جائے تو 32 اسٹوڈنٹس فی ٹیچر کا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اساتذہ اور طالب علم کا تناسب ٹھیک ہے لیکن اس کو مزید بہتر کرینگے۔ سندھ حکومت اساتذہ کو اچھی تنخواہ دیتی ہے، اب ہمارے سرکاری اسکولوں کے تعلیم کے معیار کو بہتر ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میں خود بھی اچانک اسکولوں کا دورہ کرونگا اور تعلیمی سرگرمیوں کا جائزہ لونگا۔ ، وزیر تعلیم سید سردار شاہ نے کہا کہ اس سال 4453686 درسی کتابوں کے سیٹس چھپ چکے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ٹیکسٹ کتب کی تقسیم 14 اگست تک مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے اسکولوں میں بچوں کی اینرولمینٹ کو بڑھانے پر زور دیا۔