کراچی (26 جولائی 2024) وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی و پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سابق سینیٹر وقار مہدی نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کا غیر متزلزل عزم، حوصلہ اور قیادت قوم کے لیے امید و طاقت کی کرن ہے، مردِ حر کا سیاسی سفر جمہوری اصولوں، انصاف اور پسماندہ افراد کی بہتری کے لیے ان کے عزم کا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں صدرِ آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کے موقعے پر صدر مملکت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کیا۔ وقار مہدی نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کو ان کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کر تا ہوں۔ آج اس پرمسرت موقع پر میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، بی بی بختاور بھٹو زرداری، بی بی آصفہ بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کو بھی صدر آصف علی زرداری کی سالگرہ کی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے پی پی پی سندھ کی جانب سے تمام جیالوں کو بھی صدر آصف علی زرداری کی 69 ویں سالگرہ کی مبارک باد پیش کی۔
وقار مہدی نے صدر آصف علی زرداری کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مردِ حر بے شمار چیلنجز کا سامنا کرنے اور قربانیوں کے باوجود جمہوریت کو برقرار رکھنے اور عوام کی خدمت کے مشن پر کاربند ہیں۔ صدر آصف علی زرداری کے دور ِ صدارت میں جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے، اقتصادی ترقی اور قومی اتحاد کو فروغ دینے کی طرف نمایاں پیش رفت ہوئی، اور اُن کے وژن اور اسٹریٹجک اقدامات نے ایک زیادہ ترقی پسند اور جامع پاکستان کی بنیاد رکھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے انتھک جدوجہد اور قربانیوں کے ذریعے قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو آگے بڑھایا اور اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ قائدِ عوام اور بی بی شہید کی لیگیسی مساوات اور منصفانہ معاشرے کے قیام کی جدوجہد میں ہماری رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرتی رہے۔ وقار مہدی نے کہا کہ میں دعاگو ہوں کہ اللہ تعالیٰ صدر آصف علی زرداری کو عمرِ خضری ، صحتِ کاملہ، خوشیاں اور انہیں اپنی تمام کوششوں میں ہمیشہ کامیابی عطا فرمائے۔
دریں اثناء، وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی وقار مہدی کے دفتر میں صدر مملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا۔ اس موقعے پر آصف خان, اقبال ساند، ریاض بلوچ، سرور خان غازی، فرخ نیاز تنولی اقبال پیرزادہ نومی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔