کراچی (سماج نیوز) حکومتِ سندھ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل کالجز نے صوبے کے تمام سرکاری کالجوں میں پیر، 3 اگست 2026 سے اورینٹیشن کلاسز کے آغاز کے ساتھ صبح کی اسمبلی باقاعدگی سے منعقد کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
22 جولائی 2026 کو جاری ہونے والے مراسلے کے مطابق کراچی، حیدرآباد، میرپورخاص، شہید بینظیر آباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ ہر ورکنگ ڈے پر نظم و ضبط اور وقار کے ساتھ صبح کی اسمبلی کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔
مراسلے کے مطابق اسمبلی میں قرآن پاک کی تلاوت اور صبح کی دعا، قومی ترانہ، اور کردار سازی، حب الوطنی، قومی یکجہتی، شہری ذمہ داری اور اخلاقی اقدار پر مختصر خطاب شامل ہوگا۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل کالجز سندھ نے اس ہدایت پر فوری عملدرآمد کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
