• ہفتہ. ستمبر 12th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

خواب وہی پورے ہوتے ہیں جن کے پیچھے محنت ہو، گورنر سندھ کا نوجوانوں کو ڈیجیٹل پاکستان کی قیادت سنبھالنے کا پیغام

Bysamaj.com.pk

جولائی 28, 2026

کراچی (سماج نیوز) گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ خواب صرف خواہشات سے نہیں بلکہ محنت، لگن اور مسلسل جدوجہد سے حقیقت کا روپ دھارتے ہیں، جبکہ آج کے نوجوانوں کی اصل منزل وزیراعظم کا ڈیجیٹل یوتھ پروگرام ہے، جو انہیں جدید مہارتوں سے آراستہ کرکے پاکستان کے روشن مستقبل کی ضمانت بن رہا ہے۔ گورنر ہاؤس کراچی میں لیڈرشپ اینڈ آئی ٹی کلاسز کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں شروع کیا گیا ڈیجیٹل یوتھ پروگرام نوجوانوں کو آئی ٹی، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے بااختیار بنا رہا ہے، جو نہ صرف ان کے روشن مستقبل بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل کی قیادت میں پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہو چکا ہے اور آج کوئی بھی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترقی یافتہ، خوشحال اور مستحکم پاکستان کا خواب اب حقیقت بنتا دکھائی دے رہا ہے۔ گورنر سندھ نے اپنی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے طلبہ کو بتایا کہ انہوں نے تیس برس کی مسلسل محنت اور استقامت کے بعد پارلیمانی لیڈر بننے کا خواب پورا کیا، اس لیے نوجوان کبھی بھی مایوس نہ ہوں کیونکہ محنت کبھی رائیگاں نہیں جاتی۔ انہوں نے یوتھ پارلیمنٹ فورم کے بانی رضوان جعفر کی ثابت قدمی کو سراہتے ہوئے کہا کہ شدید تنقید کے باوجود انہوں نے ہمت نہیں ہاری اور آج ان کی محنت نمایاں کامیابی کی صورت میں سب کے سامنے ہے۔ گورنر سندھ نے آئی ٹی ٹرینر دانیال ناگوری کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہزاروں نوجوانوں کو جدید آئی ٹی مہارتیں سکھا کر قوم کی بہترین خدمت انجام دے رہے ہیں اور نوجوانوں کے لیے ایک مثالی کردار ہیں۔ تقریب کے اختتام پر سید محمد نہال ہاشمی نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ علم، ٹیکنالوجی، محنت اور قومی یکجہتی کو اپنا شعار بنائیں اور عہد کریں کہ پاکستان کو دنیا کی صفِ اول کی ترقی یافتہ اقوام میں شامل کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔