• ہفتہ. ستمبر 12th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

پنجاب حکومت نے سول سیکریٹریٹ ملازمین کے لیے 100 فیصد بنیادی تنخواہ کے برابر سیکریٹریٹ الاؤنس منظور کر لیا

Bysamaj.com.pk

جولائی 24, 2026

لاہور (سماج نیوز): حکومت پنجاب کے محکمہ خزانہ نے پنجاب سول سیکریٹریٹ کے ملازمین کے لیے بنیادی تنخواہ (Basic Pay Scales-2026) کے 100 فیصد کے برابر سول سیکریٹریٹ الاؤنس دینے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

محکمہ خزانہ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق یہ الاؤنس یکم جولائی 2026ء سے نافذ العمل ہوگا۔ اس فیصلے کا اطلاق پنجاب سول سیکریٹریٹ کے مختلف محکموں، گورنر ہاؤس/سیکریٹریٹ اور وزیراعلیٰ آفس کے ان ملازمین پر ہوگا جو اپنی تنخواہیں متعلقہ اداروں کے پے رول سے وصول کر رہے ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق یہ فیصلہ محکمہ خزانہ کے 21 دسمبر 2022ء کے سابقہ احکامات کے تسلسل میں کیا گیا ہے، جبکہ اس کے علاوہ دیگر تمام شرائط و ضوابط بدستور برقرار رہیں گے۔

اس حوالے سے جاری نوٹیفکیشن پر ایڈیشنل فنانس سیکریٹری (ریگولیشن) کے دستخط موجود ہیں، جبکہ اس کی نقول اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب، متعلقہ ضلعی اکاؤنٹس دفاتر اور دیگر متعلقہ حکام کو بھی ارسال کر دی گئی ہیں تاکہ فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔

اس اقدام کے بعد پنجاب سول سیکریٹریٹ کے ملازمین کی تنخواہوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے، جسے سرکاری ملازمین کے لیے ایک اہم ریلیف قرار دیا جا رہا ہے۔