• ہفتہ. ستمبر 12th, 2026

سماج

سماج کی بہتری کے لئے اپنا کردار ادا کریں

سندھ کابینہ کے بڑے فیصلے، سرکاری ملازمین کے الاؤنسز میں اضافہ، گندم خریدنے اور چار اسٹریٹجک ٹاسک فورسز قائم کرنے کی منظوری

Bysamaj.com.pk

جولائی 24, 2026

وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدارت اجلاس میں تعلیمی اصلاحات، ہیلتھ انشورنس، گٹکا و ماوا کے خلاف سخت قانون، جدید لاجسٹک پارک اور متعدد ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

کراچی (سماج نیوز): وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کے اہم اجلاس میں عوامی ریلیف، معاشی استحکام، گڈ گورننس، تعلیم، صحت، بنیادی ڈھانچے اور سرمایہ کاری سے متعلق متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں سرکاری ملازمین کے لیے الاؤنسز میں اضافے، گندم کے ذخائر محفوظ بنانے، چار اسٹریٹجک ٹاسک فورسز کے قیام، تعلیمی اصلاحات، گٹکا و ماوا کے خلاف مزید سخت قانون سازی اور کئی ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں صوبائی وزراء، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی، جبکہ 22 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد سینئر وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کابینہ کے فیصلوں سے میڈیا کو آگاہ کیا۔

گندم کے ذخائر محفوظ بنانے کا فیصلہ

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ خوراک کو ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے، چھپائے گئے گندم کے ذخائر برآمد کرنے اور آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔

کابینہ نے پاسکو سے 2 لاکھ 20 ہزار 665 میٹرک ٹن گندم خریدنے کی تجویز کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر وفاقی حکومت درآمدی گندم منگواتی ہے تو سندھ حکومت 5 لاکھ ٹن درآمدی گندم خریدے گی تاکہ صوبے میں غذائی تحفظ اور آٹے کی قیمتوں میں استحکام برقرار رکھا جا سکے۔

سرکاری ملازمین کے لیے بڑا ریلیف

کابینہ نے یکم جولائی 2026 سے صوبائی سرکاری ملازمین کے لیے تفریقی (Differential) الاؤنس اور کنوینس (سفری) الاؤنس میں اضافے کی منظوری دے دی۔

بی پی ایس 1 تا 16 کے ملازمین کو بنیادی تنخواہ 2022 پر 2 فیصد تفریقی الاؤنس دیا جائے گا۔

تمام ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ منظور کیا گیا۔

معذور ملازمین کا خصوصی سفری الاؤنس 6 ہزار سے بڑھا کر 10 ہزار روپے ماہانہ کر دیا گیا۔

چار نئی اسٹریٹجک ٹاسک فورسز قائم

کابینہ نے معیشت، مالیات و صنعت، آبی وسائل، موسمیاتی تبدیلی اور مصنوعی ذہانت و ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے شعبوں میں چار اعلیٰ سطحی ٹاسک فورسز قائم کرنے کی منظوری دی، جو حکومت کو پالیسی سازی، قانونی اصلاحات اور مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے سفارشات پیش کریں گی۔

گٹکا، ماوا اور مین پوری کے خلاف سخت قانون

کابینہ نے سندھ کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز (ترمیمی) بل 2026 کی منظوری دیتے ہوئے گٹکا، ماوا اور مین پوری کی تیاری، فروخت، نقل و حمل اور ذخیرہ کرنے کے خلاف سزائیں مزید سخت کر دیں۔ نئے قانون کے تحت ان مضر اشیا کو "محدود اشیا” قرار دے کر ان کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

تعلیمی نظام میں بڑی اصلاحات

کابینہ نے سندھ بورڈز آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اصلاحاتی پیکیج 2026 کی اصولی منظوری دیتے ہوئے آئندہ 24 ماہ میں امتحانی نظام کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن، او ایم آر سسٹم، آن اسکرین مارکنگ، کیو آر کوڈ پر مبنی سرٹیفکیٹس اور آن لائن تصدیقی نظام نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ہیلتھ انشورنس اور طبی شعبہ

سرکاری ملازمین کی ہیلتھ انشورنس اسکیم میں 6 ماہ کی توسیع کی منظوری دی گئی تاکہ نئی بولی کا عمل مکمل ہونے تک ملازمین صحت کی سہولت سے محروم نہ ہوں۔

کابینہ نے شکارپور کے آر بی یو ٹی اسپتال کو تدریسی اسپتال قرار دینے اور اسپتال مینجمنٹ بورڈ کے قیام کی بھی منظوری دی۔

دیگر اہم فیصلے

کابینہ نے میرپورخاص واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے قیام، ناردرن بائی پاس کراچی پر جدید لاجسٹک پارک کی اصولی منظوری، ڈملوٹی تا ڈی ایچ اے واٹر پائپ لائن منصوبے کی نظرثانی شدہ لاگت، کنری مرچ منڈی منصوبے کے لیے زمین کی منتقلی، پرائیویٹ سیکیورٹی ایکٹ کے تحت رجسٹرار آفس کے قیام، اینٹی کرپشن قوانین میں ترامیم، چین کے صوبہ ہونان کے ساتھ سسٹر صوبہ تعلقات قائم کرنے اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سرکاری وفد کی چین روانگی کی بھی منظوری دی۔

اختتامی کلمات میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کابینہ کے یہ فیصلے صوبے میں معاشی استحکام، بہتر طرز حکمرانی، عوامی ریلیف، شفافیت، سرمایہ کاری کے فروغ اور پائیدار ترقی کے نئے مواقع پیدا کریں گے۔