کراچی (سماج نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری سید وقار مہدی کی بلاول ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جس میں سندھ کی سیاسی اور تنظیمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سماج نیوز کے مطابق ملاقات کے دوران سینیٹر وقار مہدی نے چیئرمین بلاول بھٹو آئندہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر پارٹی کی انتخابی حکمت عملی اور تنظیمی سرگرمیوں پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات میں سینیٹ میں جاری قانون سازی سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کرنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینیٹر وقار مہدی کو ہدایت کی کہ سندھ میں تنظیمی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور پارٹی ڈھانچے کو مزید مضبوط بنایا جائے۔