کراچی / جیکب آباد (سماج نیوز) —جیکب آباد سے تعلق رکھنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ قومی اسمبلی میر اعجاز حسین جکھرانی کے جواں سال بیٹے میر زید حسین جکھرانی انتقال کر گئے۔ مرحوم کچھ عرصے سے علیل تھے اور کراچی کے ایک نجی اسپتال میں زیرِ علاج تھے، جہاں وہ خالقِ حقیقی سے جا ملے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق میر زید حسین جکھرانی کی میت کو جیکب آباد منتقل کرنے کی تیاریاں جاری ہیں، جہاں نمازِ جنازہ کے بعد انہیں سپردِ خاک کیا جائے گا۔ ان کے انتقال کی خبر سے جیکب آباد میں فضا سوگوار ہے اور سیاسی و سماجی حلقوں میں گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے میر اعجاز جکھرانی کے بیٹے کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جوان بیٹے کا بچھڑنا ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔
پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو اور جنرل سیکرٹری سینیٹر وقار مہدی نے بھی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان اس غم کی گھڑی میں جکھرانی خاندان کے ساتھ ہیں۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی، وزیر لائیوسٹاک و فشریز محمد علی ملکانی، وزیر خوراک مخدوم محبوب الزمان، رکن سندھ اسمبلی امتیاز شیخ، ایم پی اے عادل الطاف انڑ سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لیے مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا کی۔
سیاسی و سماجی شخصیات نے اسے ایک بڑا سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں پوری قیادت اور کارکنان میر اعجاز جکھرانی اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑے ہیں۔