کراچی (اسٹاف رپورٹ) شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء کالج، ملیر میں "شھید ذوالفقار علی بھٹو کا عالمی سیاست میں کردار اور پاکستان پر اس کے اثرات” کے موضوع پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے مہمان خصوصی سینیٹر کریم خواجہ اور پی پی پی کراچی ڈویژن کے جنرل سیکریٹڑی رؤف احمد ناگوری، رکن صوبائی اسمبلی راجا رزاق ، پائلر کے ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر عباس حیدر اور چیف آرگنائزر، ایپوا سید ذیشان تھے۔ اس کے علاوہ سیمینار میں وکلاء تنظیموں کے نمائندگان، سیاسی اور سماجی افراد بھی موجود تھے۔ پروگرام کے میزبان، لاء کالج کے پرنسپل ریاض حسین بلوچ نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کے ادوار پر تفصیلی روشنی ڈالی اور ان کے عوامی اقدامات، عالمی سیاست میں کردار اور موجودہ دور میں قوم کے لیے ان کی اہمیت پر گفتگو کی۔ مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بین الاقوامی سیاست میں خدمات، اسلامی ممالک کی یکجہتی کی جدوجہد اور ان کے کردار کے اثرات پر روشنی ڈالی۔ سیمینار میں لاء کالج کے طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس سے اس موضوع پر تعلیمی اور علمی تبادلے کا موقع فراہم ہوا۔