• منگل. جون 17th, 2025

سماج

samaj.com.pk

نہ آپ کا پانی کہیں جاتا ہے نہ گیس کہیں جاتی ہے، سب آپ کو ملے گا جو آپ کا حق ہے: صدر مملکت آصف علی زرداری

Bysamaj.com.pk

دسمبر 28, 2024

گڑھی خدا بخش / لاڑکانہ/ کراچی / اسلام آباد (27 دسمبر 2024) صدر مملکت آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر منعقد عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید کبھی مرتے نہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو بھی ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ میڈیا سیل بلاول ہاوَس سے جاری کردہ پریس رلیز کے مطابق، صدر مملکت نے کہا کہ انہوں نے 45 سال بعد بھی قائدِ عوام شہید ذوالفقارعلی بھٹو کے مقدمہ کا فیصلہ ریورس کروا کے دنیا کو بتا دیا کہ قائدِ عوام کا عدالتی قتل ہوا تھا، اور اب دنیا کو تاریخ میں ماننا پڑے گا کہ ذوالفقار علی بھٹو کا جوڈیشل قتل ہوا تھا۔ صدر آصف علی زرداری نے ارضِ وطن پاکستان سے تجدید عہدِ وفا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں پاکستان کو بچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سپر پاور ہے، تو ہمارا ایمان اپنے خدا کی ذات میں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوام کی طاقت اور دعاؤں سے ملک کو مشکل حالات سے نکالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی مشکلات کا مقابلہ کرتے آئے ہیں، اب بھی ان کے حوصلے بلند ہیں۔ “وہ ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، ہم سب کو سنبھالیں گے، ہر چیز کو ٹھیک رکھیں گے، ’ہاں مشکلیں ہیں، تکلیفیں ہیں، مگر یہ میرے لیے کوئی نئی بات نہیں۔ صدر مملکت نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ عوام پریشان نہ ہوں، ہم ملک کو خوشخبریاں دیں گے۔ نہ آپ کا پانی کہیں جاتا ہے نہ گیس کہیں جاتی ہے، سب آپ کو ملے گا جو آپ کا حق ہے، جو دوسروں کا حق ہے وہ ان کو ملے گا، خیبرپختونخوا کو اس کا حق ملے گا بلوچستان کو اس کا حق ملے گا، پنجاب کو بھی حق ملے گا اور سندھ کو بھی ملے گا، اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی فیصلہ نہیں ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دنیا میں ماڈرن چیزیں ضرور ہورہی ہیں، مگر وہ سب انسان کو فائدہ دیں گی۔ جو چیز انسان کو فائدہ دے گی وہ پاکستان کے لیے بھی فائدے کی ہی ہوگی۔