• منگل. جون 17th, 2025

سماج

samaj.com.pk

دختر مشرق شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کا 17واں یوم شہادت

Bysamaj.com.pk

دسمبر 27, 2024

‎کراچی/اسلام آباد / لاڑکانو (26 دسمبر 2024 ) آج دختر مشرق شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کا 17واں یوم شہادت بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ ملک بھر میں منایا جارہا ہے، مرکزی تقریب گڑھی خدا بخش بھٹو، تعلقہ رتودیرو، ضلع لاڑکانو میں منعقد کی گئی ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری گڑھی خدا بخش بھٹو میں تقریب کی صدارت کرینگے۔

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت کے موقع پر پیغام

لاڑکانو / کراچی / اسلام آباد / لاہور ( سماج میڈیا گروپ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت کے موقع پر ان کی بے مثال قربانیوں، غیر متزلزل قیادت اور پاکستان کے لیے ان کی پائیدار میراث کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی جراَت، استقامت اور لاکھوں پاکستانیوں کے لیے امید کی علامت تھی، جو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن سے گہرائی سے جڑی تھی۔ میڈیا سیل بلاول ہاؤس کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق، پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاسی شخصیت نہیں تھیں بلکہ مظلوم، محکوم اور پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن تھیں۔ مساوات اور خوشحال پاکستان کے لیے اپنے والد کے وژن سے ان کی غیر متزلزل وابستگی ہم سب کے لیے ایک تحریک ہے۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی طرح، وہ عوام کی طاقت پر یقین رکھتی تھیں اور مزدوروں، کسانوں اور پسماندہ طبقات کو قومی ترقی کی بنیاد سمجھتی تھیں۔ ان کی مصالحت، مشاورت اور مختلف نقطہ نظر کو سمجھنے کی فلسفیانہ سوچ نے ایک جدید اور روشن پاکستان کی بنیاد رکھی۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی میراث کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا تھا جہاں ہر شہری کو برابری کے مواقع اور وسائل تک رسائی حاصل ہو، چاہے ان کا پس منظر کچھ بھی ہو۔ ہم ان کے انسانی آزادی اور جمہوری اقدار کے فلسفے پر عمل پیرا ہیں اور دہشت گردی، انتہا پسندی اور پاکستان کے استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی کسی بھی قوت کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے۔ چیئرمین نے بین الاقوامی مسائل، بشمول فلسطین اور کشمیر کے حل طلب معاملات پر بھی اپنی وابستگی کا اعادہ کیا اور کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم تھیں، اور ان کی مدبرانہ قیادت عالمی چیلنجوں سے نمٹنے اور مظلوم قوموں کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے میں ایک رہنما اصول کے طور پر کام کرتی ہے۔ ہم ان اہم اشوز پر اپنے مؤقف پر ثابت قدم ہیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قوم پر زور دیا کہ وہ جمہوریت اور آئینی حکمرانی کو درپیش چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے متحد ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی استقامت اور اپنی ذات کو بھول کر ایک عظیم مقصد کے لیے لگن کا سبق دیتی ہے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے خواب کو حقیقت بنایا جائے، جو ایک جمہوری، ترقی پسند اور جامع پاکستان ہے، جہاں ہر فرد کی عزت و تکریم کو یقینی بنایا جائے۔ پی پی پی چیئرمین نے پارٹی کارکنان اور قوم سے اپیل کی کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے جمہوریت، رواداری اور سماجی انصاف کے اصولوں کے ساتھ اپنی وابستگی سے تجدید عہد کریں۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی اور قربانی ایک منصفانہ اور مساوی معاشرے کے لیے ان کی جدوجہد کا لازوال ثبوت ہے۔اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ان کے اس خواب کو حقیقت میں بدلیں، جس میں پاکستان سیاسی، سماجی اور معاشی استحصال سے پاک ہو۔ وہ دن دور نہیں جب شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے انصاف پر مبنی پاکستان کا وژن حقیقت بنے گا۔

صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان آصف علی زرداری کا شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت کے موقع پر پیغام

آج ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے 17ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں۔آپ کی شخصیت امید، استقامت ، جمہوریت اور انصاف کے اصولوں سے غیر متزلزل وابستگی کا مجسمہ تھی۔ شہید بی بی ہم سب کیلئے مشعل ِ راہ تھیں۔ انہوں نے ایک ایسے پاکستان کا خواب دیکھا جہاں رنگ، طبقے اور مسلک سے بالاتر ہو کر تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا اور عوام کی طاقت راج کرے گی۔

محترمہ بے نظیر بھٹو نے کہا تھا کہ ’’جمہوریت بہترین انتقام ہے‘‘۔ یہ الفاظ استبداد اور آمریت کا منہ توڑ جواب ہی نہ تھے بلکہ عوامی طاقت پر اُن کے گہرے اعتماد کے عکاس بھی تھے۔ شہید بے نظیر بھٹو ایک ایسے پاکستان کی خواہاں تھی جہاں ہر بچے کو تعلیم تک رسائی حاصل ہو ، جہاں خواتین برابری کی بنیاد پر ترقی کر سکیں اور جہاں انصاف ایک آسائش نہیں بلکہ حق ہو۔ انہوں نے اپنی تمام زندگی معاشرے کے پسے ہوئے طبقات اور خواتین کی خودمختاری کیلئے آواز بلند کرنے اور کام کرنے میں صرف کی۔

شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی زندگی بے پناہ جراٴت کا سفر اور ہمارے لیے تحریک اور ہمت کا باعث تھی۔ مشکلات اور ظلم و ستم کے باوجود وہ جمہوریت کی بحالی اور استحکام اور عوام کے سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق کے تحفظ کے لیے آمریتوں کے خلاف ڈٹی رہیں۔ شہید بے نظیر نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ “ناانصافی اور ظلم کے خلاف جنگ میری زندگی کی جنگ ہے۔” اس مقصد کے لیے وہ زندگی بھر لڑی اور شہادت پائی اور آج بھی لاکھوں لوگوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ شہید بی بی کا پختہ یقین تھا کہ “ایک انسان کو قید کیا جاسکتا ہے مگر ایک نظریے کو نہیں۔ ایک انسان کو جلاوطن کیا جا سکتا ہے مگر ایک نظریے کو نہیں۔ ایک انسان کو قتل کیا جا سکتا ہے مگر ایک نظریے کو نہیں”۔

بطور صدر ِپاکستان، میں شہید بے نظیر بھٹو کے ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے وژن کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کرتا ہوں۔ شہید بی بی کا نظریہ آج بھی زندہ ہے اور ہمیں ایک متحد ، ہمہ گیر اور انصاف پر مبنی پاکستان کی تعمیر کیلئے اختلافات سے بالاتر ہو کر کام کرنے کا درس دیتا ہے۔ لہٰذا، آئیے ہم محترمہ بے نظیر بھٹو کا نہ صرف یومِ شہاد ت منائیں بلکہ ان کی پائیدار میراث کی پیروی کرنے کا عہد کریں۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور ہمارے خاندان نے جمہوریت اور پاکستان کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ یہ میرا پختہ یقین ہے کہ ہمیں بحیثیت قوم ملک کو موجودہ چیلنجز سے نکالنے کے لیے ان کے وژن سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ آئیے ، شہید بے نظیر بھٹو کے ایک پرامن، ترقی پسند اور جمہوری پاکستان کے خواب کی تکمیل کیلئے مل کر کام کریں ۔

شہید بے نظیر بھٹو کی میراث ابدی ہے، اُن کی ہمت بے مثال ہے اور اُن کا وژن ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ پاکستان کھپے!

‎پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر اور رکن سندھ اسمبلی فریال ٹالپور کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراجِ عقیدت

پاکستان پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر اور رکن سندھ اسمبلی فریال ٹالپور نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو ان کے 17ویں یوم شہادت پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں ایک بے مثال لیڈر، عوام کے لیےامید کی کرن اور جمہوریت کی علامت قرار دیا ہے۔ اپنے پیغام میں محترمہ فریال ٹالپور نے اس بات پر زور دیا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جمہوریت، انسانی حقوق، اور سماجی انصاف کے لیے غیر متزلزل جدوجہد پیپلز پارٹی اور قوم کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی زندگی بہادری، استقامت، اور مظلوموں کے حقوق کے لیے بے لوث جدوجہد کی علامت تھی۔ وہ ظلم اور ناانصافی کے خلاف بے خوف کھڑی رہیں اور اپنی زندگی ایک ترقی پسند اور خوشحال پاکستان کے خواب کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قیادت نے خواتین کو بااختیار بنانے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، اور جمہوری اداروں کو مضبوط کرنے کے لیے راہیں ہموار کیں۔ انہوں نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے مشن کو عزم اور بصیرت کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری بلاشبہ شہید محرمہ بینظیر بھٹو کے فلسفہ مفاہمت کے امین ہیں، جبکہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میں وہی بہادری اور عزم موجود ہے جو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا خاصہ تھا۔ چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور ہماری عظیم رہنما کے وژن کو پورا کر رہی ہے۔ محترمہ فریال ٹالپور نے پارٹی کارکنوں اور قوم پر زور دیا کہ وہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی یاد کو ان اصولوں کو برقرار رکھ کر خراجِ عقیدت پیش کریں جن کے لیے وہ کھڑی رہیں: جمہوریت، مساوات، اور سماجی انصاف۔ آئیے ہم عہد کریں کہ ہم متحد رہیں گے اور ایک ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے پرعزم رہیں گے جہاں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے خواب پروان چڑھ سکیں۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا پیغام

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آج سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے 17ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں جمہوریت اور پسماندہ لوگوں کی ایک بہادر لیڈر کے طور پر یاد کیا۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے جاری ہونے والے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم کے طور پر سراہا اور دہشت گردی و آمریت کے خلاف ان کے غیر متزلزل موقف کی تعریف کی۔ انہوں نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو وفاق کی علامت اور کسانوں، مزدوروں اور متوسط ​​طبقے کی آواز کے طور پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ انکی سیاسی میراث پاکستان کے سب سے زیادہ کمزور شہریوں کی زندگیوں کو بہتر بنانے پر مرکوز تھی۔ وزیراعلیٰ نے محترمہ بینظیر بھٹو کے دور اقتدار میں رہنے والے دو عہدوں پر روشنی ڈالی جس میں انھوں نے پسماندہ افراد کی زندگیوں پر مثبت اثرات پر زور دیا ۔ انھوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی بہادری اور انکے والد ذوالفقار علی بھٹو کی بہادری میں کافی مماثلت تھی، انھوں نے موت کے منہ میں بھی جمہوریت کے ساتھ اپنی وابستگی پر زور دیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بینظیر بھٹو کی شہادت کو پاکستان کی ترقی کو نقصان پہنچانے اور غریب آبادی کی امیدوں کو ختم کرنے کی المناک کوشش قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی۔ تاہم انہوں نے عزم کیا کہ ان کا مشن پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ذریعے جاری ہے جو بقول انکے سماجی انصاف کے لیے اپنی لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ سندھ حکومت بھٹو کے خوشحال اور مساوی معاشرے کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ سندھ بھر میں پروقار تقاریب سالگرہ کے موقع پر منائی گئیں جو جمہوریت اور سماجی انصاف کے لیے اپنی جان دینے والے رہنما کی پائیدار میراث کی عکاسی کرتی ہیں۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی جانب سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو برسی کے موقع پر خراج عقیدت

شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو ایک وژنری رہنما، جمہوریت کی علمبردار، جرات اور جدوجہد کی لازوال علامت تھیں۔ شہید بی بی پسماندہ طبقات کے لیے امید کی کرن تھیں، عوام کے لیے ان کی قربانیاں بے مثال ہیں، مساوات، انصاف اور جمہوریت کے لئے شہید بی بی نے دھمکیوں اور انتھک مخالفت کے باوجود سخت جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری نے شہید بی بی کے ویژن و وراثت کو آگے بڑھایا۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے دانشمندی اور استقامت کے ساتھ چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے جمہوری اور خوشحال پاکستان کے شہید بی بی ویژن کو برقرار رکھا۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید بی بی کے لعل بلاول بھٹو زرداری، ایک متحرک رہنما کے طور شہید بی بی کے نظریات کو مجسم کر رہے ہیں۔ ہر سال شہید بی بی کی برسی کے موقع پر ہم ان کی قربانیوں کا احترام کرتے ہوئے ملک، قوم اور جمہوریت کے لیے تجدید عہد کرتے ہیں۔ شہید بے نظیر بھٹو کی روح ان تمام لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے جو ان کے ویژن کے لیے جوجہد کر رہے ہیں.

صوبائی وزیرسید ناصرحسین شاھ کاشہیدمحترمہ بینظیربھٹوکویوم شہادت پرخراج عقیدت

وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ بینظیر بھٹو اپنے نام کی طرح بینظیر تھیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو پاکستان کی عظیم شخصیت ہے۔ شہید رانی کی قربانی کی وجہ سے آج پاکستان میں جمہوریت ہے۔ شہید بیبی نے دو آمروں کو اپنے انجام تک پہنچایا۔ شہید رانی نے کٹھن حالات میں بھی عوام کی نجات دہندہ ثابت ہوئی شہید بینظیر بھٹو نے والد اور بھائیوں کی طرح شہادت پائی پر مقصد سے پیچھے نہیں ہٹیں۔ وہ چاروں صوبوں کی زنجیر تھی، زنجیر توڑ کر ملک کا ناقابل تلافی نقصان کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ہم سب ملکر پاکستان کو مسائل سے نکالیں گے۔

وزیر تعلیم و ترقی معدنیات سندھ سید سردار علی شاہ کا بینظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر پیغام

سید سردار علی شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی تاریخ میں بینظیر بھٹو جیسے کردار کی کوئی نظیر نہیں مل سکتی۔ بینظیر بھٹو شہید کی آمرانہ نظام کے خلاف قربانیوں نے انہیں تاریخ میں “امر” کردیا۔ شہید بی بی کی جدوجہد کا سفر عوام کے لیے شروع ہوا انہوں نے عوام کے بیچ رہتے ہوۓ شہادت پائی۔ محترمہ بینظیر بھٹو نے آئین کی بالادستی، سیاسی استحکام اور جمہوریت کے تسلسل کو بحال رکھانے کی خاطر صعوبتیں برداشت کیں۔ شہید بی بی نے ملک کے محکوم طبقات خاص طور پر خواتین کے حقوق اور ان کی ترقی کی بات کی۔ صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے بی بی شہید کی 17ویں برسی کے موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوۓ انہیں پاکستان کی جمہوریت کا علمبردار کہا۔

پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے CM-IEIT سینیٹر وقار مہدی کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے یوم شہادت پر پیغام

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے 17 ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سینیٹر وقار مہدی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نڈر، بے خوف، انصاف پسند اور غریب عوام کے لیے امید کی کرن تھیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے زندگی بھر بحالیِ جمہوریت اور استحکام، عوامی خوشحالی و ملکی سربلندی کے لیے جدوجہد کی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے قومی یکجہتی، ملک کی ترقی اور سالمیت کے لیے جو اقدام کیے وہ سنگِ میل ثابت ہوئے۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اس ملک کے محنت کشوں، خواتین، اقلیتوں اور غریبوں کے لیے جو کام کیئے، انہیں ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو زندگی کی آخری گھڑی تک آمریت کے خلاف لڑتی رہیں۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی لیگیسی ہمیں عوام کے جمہوری حقوق کے تحفظ اور ان کی خوشحالی کے لیے جدوجہد کا درس دیتی رہے گی۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہتر طریقہ ان کی سوچ کو آگے بڑھانا اور ان کے نامکمل مشن کو پورا کرنا ہے۔

دختر مشرق شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر صوبائی وزیر ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ کا پیغام

دختر مشرق شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کی لازوال قربانیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کرے ہوئے سید ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ ماروی ملیر نے جمہوریت کی بحالی اور پارلیمان کی بالادستی، عوام کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید محترمہ بینظیر بھٹو عالمی سطح پر بے نظیر لیڈر تھی۔ آمریت سیاسی مخالفین کی سختیاں پابندیاں جبر بھی شہید محترمہ کو روک نہیں سکے۔ پہلی خاتون وزیراعظم بن کر پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کیا۔ خطرات حملوں کے باوجود شہید بی بی نے اپنے عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا۔ شہید بی بی نے جمہوریت اور عوامی حکمرانی کیلئے اپنے والد کی طرح شہادت کو گلے لگایا۔ بھٹو خاندان کی جمہوریت اور پارلیمینٹ کی مضبوطی کیلئے قربانیاں سیاسی جدوجہد میں واضع ہیں۔ شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو آج چیئرمین بلاول بھٹو زرداری آگے بڑھارہے ہیں۔

وزیر محنت و افرادی قوت شاہد تھہیم کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی پر پیغام

وزیر محنت شاہد تھہیم کا شہید محترمہ بینظیر بھٹوکو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید کی قربانی جمہوریت کا روشن باب ہے۔ عوامی خدمت اور جمہوریت کی جنگ میں بینظیر بھٹو شہید کی جدوجہد بے مثال ہے۔ بینظیر بھٹو شہید کا وژن ایک خوشحال اور ترقی یافتہ پاکستان تھا۔ بینظیربھٹو کی قیادت نے ملک میں جمہوریت کو نئی زندگی دی۔ : بینظیر بھٹو کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔ بینظیر بھٹو شہید نے عوامی مسائل کو اولین ترجیح دی اور محنت کشوں کے حقوق کی جنگ میں بینظیر بھٹو کا کردار تاریخی ہے۔ وزیر محنت سندھ نے عزم کیا کہ بینظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 17ویں برسی کے موقع پر صوبائی وزیر برائے لائیواسٹاک اینڈ فشریز محمد علی ملکانی کا خراج عقیدت

صوبائی وزیر محمد علی ملکانی نے کہا ہے کہ 27 دسمبر 2007 تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا, جب ہماری بہن, دنیا کی دلیر لیڈر محترمہ بینظیر بھٹو ہم سے بچھڑ گئیں۔ محترمہ کی شہادت کا واقعہ آج بھی عوام کے دلوں کو غمگین کردیتا ہے۔ محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت سے نہ صرف ہمارا ملک یا یہ خطہ بلکہ پوری دنیا ایک اعلیٰ پائے کی مدبر سیاستدان سے محروم ہو گئی۔ بینظیر بھٹو کا نام آج بھی دنیا بھر میں تاریخی و جمہوری لیڈروں میں شمار ہوتا ہے۔ محترمہ کی شہادت ملک کو پیچھے دکھیلنے کی گھناؤنی سازش تھی, اگر وہ آج ہوتیں تو ملکی حالات مختلف ہوتے۔ محترمہ بینظیر بھٹو ہمیشہ غریب عوام کی خوشحالی کے لیے کوشاں رہیں۔ شہید محترمہ کی جمہوریت کے لیے کی گئی جدوجہد آج بھی ملکی خوشحالی کے لئے مشعل راہ ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو نے اپنی شہید والدہ کے سیاسی ویژن کے ساتھ پارٹی کو منظم اور متحرک کیا ہے, پیپلز پارٹی عوام کی خدمت میں یقین رکھتی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو کی عملی جدوجہد ہی اب پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے۔

شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی پر مکیش چاولہ کا پیغام

صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ کا شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 17ویں برسی پر خصوصی پیغام میں کہا کہ قوم کی بیٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، مساوات اور ایک ترقی پسند پاکستان کے خواب کو حقیقت بنانے کی جدوجہد میں اپنی جان قربان کی۔ بے نظیر بھٹو نے اپنی زندگی پاکستان کے عوام، خاص طور پر خواتین، بچوں، اور اقلیتوں کے حقوق کے لیے وقف کی۔ شہید بی بی کے تاریخی اقدامات میں خواتین پولیس فورس، خواتین بینک اور خواتین کے لیے علیحدہ مواقع کی تخلیق شامل ہیں اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ، کثیرالثقافتی و ہم آہنگ معاشرے کے قیام کے لیے ان کی کوششیں آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ یکساں حقوق کے مواقعوں کی فراہمی و ریاستی سطح پر تمام شہریوں کے لیے انصاف اور ترقی کی ضمانت شہید رانی کا ویژن تھا، بی بی شہید نے جمہوریت کی بحالی کے لیے آمرانہ قوتوں اور مارشل لاء کے خلاف دلیرانہ جدوجہد کی۔ مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کے عوام کو امید اور ترقی کی نئی راہ دکھائی۔ بھٹو خاندان کی قربانی ہماری تاریخ کا وہ باب ہے جو ہمیں ہمیشہ یاد دلاتا رہے گا کہ آزادی، مساوات اور جمہوریت کے لیے قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔ ہم بی بی شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کا عہد کرتے ہیں۔ صوبائی وزیر ایکسائز سندھ نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قربانی اور خدمات ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گی۔ بی بی شہید ہمیشہ زندہ رہیں گی۔