• بدھ. جون 18th, 2025

سماج

samaj.com.pk

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی جاری، گھیرا تنگ، سرحدی علاقوں میں اسنیپ چیکنگ بڑھادی گئی ہے، مکیش چاولہ

Bysamaj.com.pk

دسمبر 12, 2024

محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کو صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کردی

اسنیپ چیکنگ، چھاپوں اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف کاروائیوں میں ہیروئن، چرس، افیون، آئس کرسٹل، نشہ آور گولیاں اور لوکل شراب برآمد کی گئیں، رپورٹ

منشیات فروشوں کے خلاف 11 مقدمات میں 16 ملزمان گرفتار، منشیات فروشی میں استعمال ایک کار اور 3 موٹرسائیکلیں ضبط کرلیں، رپورٹ

کراچی: محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کو صوبے بھر میں منشیات فروشوں کے خلاف ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کردی۔ محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیموں نے صوبے بھر میں اسنیپ چیکنگ، چھاپوں اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مختلف کاروائیوں میں ہیروئن، چرس، افیون، آئس کرسٹل، نشہ آور گولیاں اور لوکل شراب برآمد کیں جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف 11 مقدمات میں 16 ملزمان گرفتار، منشیات فروشی میں استعمال ایک کار اور 3 موٹرسائیکلیں بھی ضبط کی گئیں۔ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق 8 نومبر سے 10 دسمبر 2024 کے دوران اسنیپ چیکنگ و خفیہ معلومات پر مختلف کاروائیوں میں 4.550 کلو ہیروئن، 28.43 کلو گرام چرس، 2.5 کلو گرام افیون، 2.535 کلوگرام آئس کرسٹل، 3 لیٹر مقامی شراب اور 50 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف 7 مقدمات کراچی، ایک ایک حیدرآباد و میرپورخاص جبکہ 2 ضلع شہید بینظیرآباد میں درج ہوئے اور 16 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں سے 10 ملزمان کو کراچی، 2 کو حیدرآباد، ایک ملزم کو میرپورخاص جبکہ 3 ملزمان کو شہیدبینظیرآباد سے گرفتار کیا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا تین روز قبل ہفتہ 7 دسمبر کو بھی محکمہ ایکسائز اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کی ٹیم نے منشیات فروشوں کے خلاف خفیہ معلومات کی بنیاد پر کورنگی اور کٹی پہاڑی پر دو الگ الگ بڑی کاروائیوں میں ڈھائی کلو گرام سے زائد ہیروئن اور 5 کلو سے زائد چرس برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔ صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جارہا ہے اور خفیہ معلومات کے نیٹ ورک کو بھی فعال کردیا گیا ہے جبکہ منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے سندھ کے سرحدی علاقوں میں اسنیپ چیکنگ بڑھادی گئی ہے۔