• بدھ. جون 18th, 2025

سماج

samaj.com.pk

انسانی حقوق کے لیے ادارہ جاتی اور قانونی فریم ورک کو مضبوط بنایا ہے، راجویر سنگھ سوڈھا

Bysamaj.com.pk

دسمبر 10, 2024

کراچی (سماج میڈیا گروپ)  عالمی یومِ انسانی حقوق کے موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسانی حقوق راجویر سنگھ سوڈھا نے کہا ہے کہ یہ میرے لیے ایک اعزاز کی بات ہے کہ میں انسانی حقوق کے وزیر کے طور پر خدمات انجام دے رہا ہوں اور اس ذمہ داری کو میں اس عزم کے ساتھ ادا کر رہا ہوں کہ سندھ بھر میں ہر فرد کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کو یقینی بنایا جا سکے۔ انسانی حقوق کا محکمہ انصاف، مساوات اور وقار کا محافظ ہے، جو اس بات کی کوشش کر رہا ہے کہ ہر شہری بغیر کسی خوف، امتیاز یا محرومی کے زندگی گزار سکے۔ انہوں نے کہا کہ میرے قیادت میں، محکمہ انسانی حقوق سندھ نے انسانی حقوق کے لیے ادارہ جاتی اور قانونی فریم ورک کو مضبوط بنایا ہے۔ پسماندہ کمیونٹیز کے لیے انصاف کی رسائی کو آسان بنایا ہے۔ خلاف ورزیوں کو جلد اور مؤثر طریقے سے حل کرنے کے لیے مضبوط نظام قائم کیا ہے۔ انسانی حقوق کے بارے میں تعلیم اور آگاہی کے ذریعے عوامی شعور میں اضافہ کیا گیا ہے۔ مقامی، قومی اور بین الاقوامی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دیا گیا تاکہ ہماری صلاحیت اور دائرہ کار کو وسیع کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر پیچیدہ چیلنجز کا سامنا کرتے ہوئے نظامی رکاوٹوں کو ختم کریں گے۔ انہوں نےمزید کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی قیادت اور  رہنمائی میں ایک بہترین سماج تشکیل دیں گے جہاں سب کے حقوق کا تحفظ یقینی ہو۔